پیر کو بابری مسجد ۔ رام مندر تنازعہ کی اضافی سماعت

   

نئی دہلی 20 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج کہا کہ وہ آئندہ پیر کو بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی اراضی تنازعہ مقدمہ کی سماعت میں یومیہ ایک گھنٹہ کا اضافہ کریگا ۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی قیادت والی پانچ رکنی دستوری بنچ پر اس مقدمہ کی یومیہ اساس پر سماعت ہو رہی ہے ۔ عدالت نے ہندو اور مسلم دونوں فر یقوں سے کہا کہ بنچ نے 23ستمبر کو اس مسئلہ پر روزآنہ 4 بجے کی بجائے 5 بجے تک سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت کا مقررہ وقت 4 بجے شام تک ہے ۔ اس بنچ میں جسٹس ایس اے بوبڈے ‘ جسٹس ڈی وائی چندرا چوڑ ‘ جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس اے نذیر بھی شامل ہیں۔ بنچ نے کہا کہ ہم پیر 23 ستمبر کو اس مسئلہ پر ایک گھنٹہ اضافی سماعت کرسکتے ہیں۔ چار نئے ججس جسٹس کرشنا مراری ‘ جسٹس ایس آر بھٹ ‘ جسٹس آر راما سبرامنین اور جسٹس ہرشی کیش رائے کو سپریم کورٹ میں تقرر کیا گیا ہے اور امکان ہے کہ یہ ججس بھی 23 ستمبر کو حلف لیں گے ۔ سپریم کورٹ نے اس مسئلہ کی سماعت کیلئے 18 اکٹوبر تک کی مہلت مقرر کی ہے ۔