پینے کے پانی میں کیمیائی اجزاء پُراسرار بیماری کی وجہ

,

   

مرکزی ٹیم اور دیگر ریاستی اداروں کی رپورٹ چیف منسٹر اے پی کو پیش

حیدرآباد / ایلورو:آندھراپردیش میں پراسرار بیماری کا پتہ اور اس کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (ایمس) کے ماہرین کی ٹیم نے آندھراپردیش کا دورہ کیا۔ مرکزی ٹیم کے ساتھ ریاستی حکومت اور مرکز کے دیگر اداروں کے عہدیداروں نے بھی پراسرار بیماری کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں طبی عہدیداروں نے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کو اپنی رپورٹ پیش کی۔ابتدائی رپورٹ میں طبی ماہرین نے اس بات کا انکشاف کیا کہ جست اور فولادی عناصر کی پینے کے پانی میں موجو دگی پراسرار بیماری کی وجہ ہوسکتی ہے۔ اایلورو میں اس بیماری کی وجہ سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی جبکہ 500 سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں ۔چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے ایلورو میں پُراسرار بیماری سے متاثر افراد کے طبی معائنوں اور ان کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ متاثرین کے معائنوں اوردودھ و پانی کے نمونوں کی جانچ کی جائے اور یہ پتہ چلائیں کہ یہ اجزا متاثرین کے پیٹ میں کس طرح پہنچے۔ ساتھ ہی محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ۔