چائے باغان مزدوروں کی آمدنی میں اضافہ کا وعدہ

   

‘مذہب اور ذات کے نام پر ووٹ نہ دیں‘آسام میں پرینکا گاندھی کا روڈ شو

گوہاٹی :کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آسام کے جورہاٹ میں آج پارٹی امیدوار گورو گگوئی کی حمایت میں روڈ شو کیا۔ اس روڈ شو کے دوران لوگوں کی زبردست بھیڑ سڑکوں پر دکھائی دی۔ اس دوران پرینکا گاندھی نے کہا کہ اگر انڈیا بلاک کو لوک سبھا انتخاب میںکامیابی حاصل ہوتی ہے تو چائے باغان مزدوروں کی مزدوری بڑھائی جائے گی۔بڑے ہجوم سے خطاب کے دوران پرینکا گاندھی نے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر خوب حملہ کیا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ برسراقتدار پارٹی آئین کو بدلنا چاہتی ہے، اور اگر ایسا ہوا تو ملک کے عام لوگوں کو سب سے زیادہ نقصان ہوگا۔ ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے کہا کہ جب دو تین سال قبل اسمبلی انتخاب سے پہلے وہ آسام آئی تھیں اور چائے باغانوں کا دورہ کیا تھا تو انہوں نے کانگریس کی حکومت بننے پر مزدوری بڑھانے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن آپ نے بی جے پی کو منتخب کیا جس سے مزدوری نہیں بڑھی۔ میں آپ کو پھر سے بتا رہی ہوں کہ اگر ہم مرکز میں حکومت بناتے ہیں تو ہمارے انتخابی منشور میں چائے باغان مزدوروں کی مزدوری بڑھانے کی گارنٹی دی گئی ہے۔جورہاٹ لوک سبھا سیٹ سے کانگریس امیدوار گورو گگوئی کا تذکرہ کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ جب بی جے پی لیڈران انتخابی تشہیر کرنے آتے ہیں تو وہ بے معنی امور اور مسائل کے بارے میں بات کرتے ہیں لیکن گورو گگوئی نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اٹھایا ہے۔ وزیر اعظم مودی پر تنقیدکرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بے روزگاری اب تک کی اعلیٰ ترین سطح پر ہے لیکن وزیر اعظم نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں صرف دو بار اس کا تذکرہ کیا جو کہ ان کے ’من کی بات‘ کو ظاہر کرتا ہے۔بڑھتی مہنگائی سے متعلق پرینکا گاندھی نے کہا کہ اگر آپ مہنگائی پر قابو پانا چاہتے ہیں تو کانگریس کو ووٹ دیں۔ برائے کرم مذہب اور ذات کے نام پر ووٹ نہ کریں۔ یہ سبق سکھانے کا وقت ہے اور غلط طاقتوں کو آپ سبق سکھائیں۔