چارمینار بس اسٹانڈ کی اراضی پر ملٹی لیول پارکنگ کی تعمیر کا وعدہ وفا نہ ہوسکا

   

کچرا دان میں تبدیلی کے بعد راستہ بند ، رقمی منظوری کے باوجود کنٹراکٹرس آگے آنے تیار نہیں
حیدرآباد۔15۔نومبر(سیاست نیوز) پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں کے آغاز یا تکمیل کے لئے انتخابات کا موسم ہونا ضروری ہوتا ہے کیونکہ انتخابات سے قبل ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد یا افتتاح کی تقاریب منعقد ہوتی ہیں جو کہ انتخابی ماحول میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کے طور پر دکھائی جاتی رہتی ہیں۔تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے قبل 7اکٹوبر 2023 کو چارمینار کے قریب سابق چارمینار بس اسٹینڈ کی وسیع و عریض اراضی پر حکومت کی جانب سے ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کا شائد دوسری مرتبہ سنگ بنیاد رکھا گیاتھالیکن اب تک بھی اس پارکنگ کامپلکس کے تعمیراتی کاموں کا آغاز نہیں ہوپایا ہے بلکہ اس وسیع و عریض کشادہ اراضی کو کچہرہ دان میں تبدیل کردیا گیا تھا لیکن چند ہفتہ قبل اس اراضی کے دونوں راستوں کو بند کرتے ہوئے اسے کوڑے دان میں تبدیل کرنے والوں سے محفوظ کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق حکومت تلنگانہ نے اسمبلی انتخابات سے قبل 7 اکٹوبر 2023 کو اس پارکنگ کامپلکس کے تعمیراتی کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں سنگ بنیاد تقریب منعقد کی تھی اور محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں نے 34 کروڑ 60لاکھ کی لاگت سے اس پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کی منظوری کے سلسلہ میں تفصیلات جاری کی تھیں اور کہا تھا کہ ریاستی حکومت پرانے شہر بالخصوص چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ سے قریب اس ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو سہولت فراہم کرے گی۔ ریاستی اسمبلی کے انتخابات کی تکمیل کو اب جبکہ ایک سال کا عرصہ مکمل ہونے کو ہے اور چارمینار کے قریب اس ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھے ہوئے ایک سال کا عرصہ گذر چکا ہے لیکن اس کے باوجود اس اراضی پر تعمیرات کے کوئی آثار نہ ہونے پر جب عہدیداروں سے اس سلسلہ میں استفسار کیاگیا تو عہدیداروں نے نام کا انکشاف نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس پراجکٹ کی تعمیر کے لئے اب تک کوئی بھی ٹھیکہ دار یا کمپنی آگے نہیں آئی ہے جس کے نتیجہ میں اس پراجکٹ پر کاموں کا آغاز نہیں ہوپایا ہے۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس پراجکٹ کو حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حوالہ کرتے ہوئے ان کے ذریعہ ٹنڈرس طلب کروانے کے متعلق غور کیا جار ہاہے اور اس سلسلہ میں متعلقہ منتخبہ عوامی نمائندوں سے مشاورت کے بعد ہی قطعی فیصلہ کئے جانے کا امکان ہے تاکہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حصہ کے طور پر اس ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کے تعمیراتی کاموں کا آغاز ہوسکے۔3