چارمینار دواخانہ کو کووڈ 19 ہاسپٹل میں تبدیل کئے جانے کا امکان

   

حیدرآباد۔ چارمینار دواخانہ پرانے شہر کا ایک بڑا دواخانہ ہے جس میں خاطر خواہ تعداد میں بستر موجود ہیں۔ فی الحال یہاں غیرعلامتی کورونا مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ تشویشناک حالت کے مریضوں کو دوسرے کووڈ 19 ہاسپٹلس کو منتقل کیا جا رہا ہے ۔ ایک ڈاکٹر نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کورونا کی دوسری لہر بہت شدید ہے ایسے میںمریضوں کی حالت تیزی سے بگڑ رہی ہے اور انہیں آکسیجن و وینٹیلیٹرس کی ضرورت ہے ۔ یہاں ٹسٹ کئے جا رہے ہیں اور غیر علامتی مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ اگر ان کی حالت بگڑتی ہے تو انہیں دوسرے دواخانوں کو منتقل کیا جا رہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے حالانکہ ابھی نظامیہ جنرل ہاسپٹل کو کووڈ ہاسپٹل میں تبدیل نہیں کیا گیا کیونکہ یہاں آکسیجن کی سہولت نہیں ہے ۔ تاہم حکومت چونکہ فنکشن ہالس و کمیونٹی سنٹرس کو عارضی ہیلت کئیر مراکز میں تبدیل کر رہی ہے تو یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ چارمینار شفاخانہ کو کیوں نہیں مکمل کووڈ ۔19 ہاسپٹل میں تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ حکومت جلد ہی چارمینار دواخانہ کو بھی کووڈ کئیر سنٹر میں تبدیل کرسکتی ہے ۔