چاند کی سطح پر وکرم ماڈیول کی لینڈنگ کا عمل جاری

   

منصوبہ کے مطابق اطمینان بخش پیشرفت ، صدرنشین اسرو کا ردعمل
بنگلورو ۔ /6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چندرایان ۔2 کے وکرم ماڈیول کی مقررہ عمل کے مطابق چاند کی سطح پر بہ آسانی لینڈنگ سے چند گھنٹے قبل ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ (اسرو) کے سربراہ کے سیون نے جمعہ کو کہا کہ ایک طویل عرصہ سے زیرانتظار عمل کی کامیاب تکمیل کے لئے منصوبہ کے مطابق پیشرفت ہورہی ہے ۔ سیون نے جمعہ کو پی ٹی آئی سے کہا کہ ’ عمل کی تکمیل کی اس گھڑی کا ہم بے چینی سے انتظار کررہے تھے ۔ ہرچیز منصوبہ کے مطابق کام کررہی ہے ‘ ۔ اسرو ویب سائیٹ کے ویب کاسٹ کے علاوہ فیس بک ، ٹوئیٹر اور یوٹیوب پر جاری اسٹیڈیم میں بتایا گیا کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب 1.30 بجے اور 2.30 کے درمیان وکرم لینڈ اپنے مقام پر پہونچ جائے گا ۔ جس کے بعد اوور پرگیان صبح 5.30 سے 6.30 کے درمیان اپنا سفر شروع کرے گا ۔