چوروں نے معافی نامہ کے ساتھ نیشنل ایوارڈ واپس کردیا

   

چنئی ۔ آپ کو کیسا لگے گا جب آپ کے گھر میں چوری ہوتی ہے اور چند دنوں کے بعد چور چوری کی ہوئی کچھ چیزیں چور واپس کردیتے ہیں۔ اس کے ساتھ معافی نامہ بھی چھوڑ جاتے ہیں ۔ آپ یقیناً حیران رہ جائیں گے۔ اسی طرح کا ایک چونکا دینے والا واقعہ مدورائی کے اسلم پٹی میں رہنے والے مشہور تامل فلم ڈائریکٹر مانیکنڈم کے ساتھ پیش آیا ہے۔ مانیکنڈم کے گھر میں چوری ہوئی تھی۔ چور ان کے گھر سے طلائی زیورات، نقد رقومات اور دیگر قیمتی سامان لے گئے۔ ان چیزوں میں مانیکنڈم کا نیشنل ایوارڈ اورکچھ میڈلس بھی شامل تھے۔ چوری کا یہ واقعہ مانیکنڈم کے گھر پر اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے افراد خاندان کے ساتھ چنئی میں تھے۔ چوری کا علم ہونے کے بعد مانیکنڈم نے اسلم پٹی پولیس اسٹیشن پہنچ کر معاملہ درج کیا۔ معاملہ سامنے آنے کے کچھ ہی دنوں بعد چوری سے زیادہ چونکا دینے والا بڑا واقعہ سامنے آیا، دراصل چوروں نے مانیکنڈم کا نیشنل ایوارڈ اور میڈلس ان کے گھرکی دیوار پر پالی تھین بیگ میں ڈال کر واپس کردیا ۔ اس میں انہوں نے معافی نامہ بھی چھوڑا۔ معافی نامے میں لکھا تھا کہ بھائی مجھے معاف کردیں۔ آپ کی محنت صرف آپ کی ہے۔ چوروں نے قومی اعزازات اور میڈلس تو لوٹا دئے لیکن طلائی زیورات اور نقد رقم واپس نہیں کی۔ پولیس تاحال چورکو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ مانیکنڈم اپنے خاندان کے ساتھ چنئی میں رہتے ہیں۔ ان کا کتا اسلم پٹی میں رہتا ہے جس کی دیکھ بھال ان کا ایک دوست کرتا ہے۔ چوری کا واقعہ ان کے دوست کو سب سے پہلے اس وقت معلوم ہوا جب وہ کتے کوکھانا کھلانے گیا تھا۔ یاد رہے کہ مانیکنڈم کو اپنی پہلی فلم کاکا مٹائی کے لیے بہترین بچوںکی فلم کا قومی ایوارڈ ملا ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے کئی اور یادر گار فلمیں بھی بنائیں ہیں ۔