چوکیدارمیںزمین ، آسمان اور خلاء میں سرجیکل اسٹرائیک کی اہلیت : مودی

,

   

میرٹھ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اترپردیش سے اپوزیشن جماعتوں پر جارحانہ حملہ کرتے ہوئے بی جے پی کی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ اِس موقع پر اُنھوں نے اپنے تمام تر توجہ مضبوط حکومت کی فراہمی پر زور دیا اور کہاکہ بی جے پی کی ہی حکومت ہے جس نے ہر جگہ سرجیکل اسٹرائیک کیا خواہ وہ زمین ہو، آسمان ہو یا خلاء ہو۔ اُنھوں نے کہاکہ آنے والے انتخابات فیصلہ لینے کی ہمت رکھنے والے اور اپوزیشن کے درمیان ہے۔ اُنھوں نے یہ بات مغربی اترپردیش میں بی جے پی کی وجئے سنکلپ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کے 130 کروڑ عوام نے اپنا ذہن بنالیا ہے کہ وہ دوبارہ این ڈی اے کو اقتدار سونپے گی۔ نریندر مودی نے ریلی کے شرکاء کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ اِس ریلی میں موجود بھاری تعداد میں لوگوں کی موجودگی اِس بات کا ثبوت ہے کہ اُنھوں نے این ڈی اے کو دوبارہ اقتدار سونپنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ خود کو چوکیدار قرار دیتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ یہ چوکیدار کی حکومت ہے جو کسی بھی جگہ زمین، آسمان اور خلاؤں میں بھی سرجیکل اسٹرائیک کرتے ہوئے ملک کو دشمنوں سے محفوظ رکھنے کی اہل ہے۔