جاپان سے طویل مدتی قرض کا حصول ۔ یکم اکٹوبر سے آغاز ہوگا
حیدرآباد 29 ستمبر ( سیاست نیو ز) تلنگانہ میں چھوٹے اور اوسط تاجروں کیلئے یکم اکٹوبر سے ایک موقع دستیاب ہو رہا ہے جس کے تحت وہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے فنڈ والے پراجیکٹ اور حکومت ہند کی حمایت والے وومن انٹرپرینر شپ پلیٹ فارم سے مزید ادارہ جاتی مدد حاصل کر پائیں گے ۔ یہ پروگرام تلنگانہ میں یکم اکٹوبر سے شروع ہو رہا ہے ۔ سکریٹری صنعت و آئی ٹی جئیش رنجن نے تلنگانہ ایم ایس ایم ای چوٹی کانفرنس کے 7 ویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت تین تا چار طرح کی پہل کی جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ایک اہم پہل 1700 کروڑ روپئے کی جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی فنڈنگ سے انٹرپرینرشپ کو فروغ دینے کی کوشش ہوگی ۔ اس کے تحت صلاحیتیں پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی ۔ حالانکہ یہ صرف ایم ایس ایم ایز کیلئے ہی نہیں ہے اور 80 فیصد حصہ اسٹراٹ اپس کیلئے ہوگا تاہم 20 فیصد ایم ایس ایم ایز کیلئے کافی ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی اور اوسط صنعتوں کو کئی طرح سے مدد فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ اس میںصلاحیت بنانے ‘ اشتراک کی صلاحیت پیدا کرنے جیسی کوششیں شامل ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اس پراجیکٹ کیلئے کم سود پر جاپانی ایجنسی سے طویل مدتی قرض حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ مسٹر جئیش رنجن نے کہا کہ یہ پراجیکٹ خاتون انٹرپرینرس کیلئے اہمیت کا حامل ہے اور یہ منظم اور غیرمنظم دونوں ہی شعبہ جات کیلئے ہے ۔اس کے علاوہ سیلف ہیلپ گروپس کو بھی اس سے مدد ملے گی ۔