چیف سکریٹری نے بوگل کنٹہ پرائمری ہیلت سنٹر کا دورہ کیا

,

   

کووڈ آؤٹ پیشنٹ خدمات کا معائنہ، ابتدائی علامات پر علاج شروع کرنے کی ہدایت
حیدرآباد: حکومت کی جانب سے سرکاری دواخانوں میں کووڈ آؤٹ پیشنٹ خدمات کے آغاز کے بعد چیف سکریٹری سومیش کمار نے بوگل کنٹہ اربن پرائمری ہیلت سنٹر کا دورہ کیا ۔ انہوں نے سرکاری دواخانوں کے علاوہ سب سنٹرس و پرائمری ہیلت سنٹرس میں آؤٹ پیشنٹ خدمات کو بہتر بنانے ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹ پیشنٹ خدمات کا مقصد معمولی علامات پر مریضوں کا گھر پر علاج یقینی بنانا ہے۔ اس طرح دواخانوں میں بستروں کی قلت کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے ۔ سومیش کمار نے سہولتوں کا جائزہ لیا اور آؤٹ پیشنٹ خدمات پر طبی عملہ سے معلومات حاصل کیں۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ ہیلت سنٹر میں مریضوں کو باقاعدہ خدمات فراہم کی جارہی ہے۔ قریبی کمیونٹی ہال میں مریضوں کیلئے آؤٹ پیشنٹ خدمات کا آغاز کیا گیا تاکہ محفوظ طریقہ سے علاج کیا جاسکے۔ ہجوم کی صورت میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کمیونٹی ہال میں کووڈ آؤٹ پیشنٹ خدمات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ چیف سکریٹری نے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو ہدایت دی کہ کورونا کی معمولی علامتوں کی صورت میں ٹسٹ رپورٹس کا انتظار کئے بغیر مریضوں کا فوری علاج شروع کیا جائے۔ انہوں نے مریضوں کو میڈیکل کٹس فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ اگر مریضوں کو 4 دن سے زیادہ بخار برقرار رہے تو انہیں اسٹورائیڈس دیئے جائیں جس کے ذریعہ سانس میں دشواری کے مسئلہ کو حل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری ہیلت سنٹرس اور آؤٹ پیشنٹ سرویس کے مراکز پر بہتر خدمات کے ذریعہ دواخانوں پر بوجھ کم کیا جاسکتا ہے ۔ چیف سکریٹری کے ہمراہ سکریٹری ہیلت مرتضیٰ علی رضوی کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار ، زونل کمشنر پراونیا ، ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔