چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزراء نے محمد علی شبیر کی عید ملاپ تقریب میں شرکت کی

   

معززین شہر کو عید کی مبارکباد،سیاسی ، سماجی اور مذہبی شخصیتوں کی شرکت

حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں عید اور تہوار فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، مذہبی رواداری اور بھائی چارہ کے فروغ میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ عید اور تہوار کے موقع پر مذہبی وابستگی سے بالا تر ہوکر عوام خوشیوں میں شامل ہوجاتے ہیں اور یہی حیدرآباد کی خوبصورتی اور دنیا بھر میں اس کی شناخت ہے۔ سلطنت آصفیہ کے دور میں آصف جاہی حکمرانوں کی مذہبی رواداری کی مثالیں آج بھی پیش کی جاتی ہیں۔ سابق ریاست حیدرآباد میں ہندو مسلم اتحاد کی جو بنیاد رکھی ، وہ آج بھی مضبوطی کے ساتھ قائم ہے۔ حکمرانوںکی جانب سے دیگر مذاہب کے عید اور تہوار میں شرکت کرتے ہوئے حوصلہ افزائی کرنا سیکولرازم کی اعلیٰ مثال ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عید الفطر کے موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر اور حکومت کے مشیر محمد علی شبیر کی قیامگاہ پہنچ کر عید کی خوشیوں میں خود کو شامل کیا ۔ چیف منسٹر نے محمد علی شبیر کی قیامگاہ پر ان کے افراد خاندان کے علاوہ معززین شہر سے ملاقات کی اور عید الفطر کی روایتی ڈشیس کو نوش کیا ۔ ریونت ریڈی کیلئے برسر اقتدار آنے کے بعد یہ پہلی عید تھی۔ محمد علی شبیر نے معززین شہر اور حکومت کے سرکردہ قائدین کے ساتھ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی عید ملاپ نشست کا اہتمام کیا تھا لیکن نئی دہلی روانگی کے پیش نظر چیف منسٹر نے طئے شدہ وقت سے قبل ہی محمد علی شبیر کی قیامگاہ پہنچ کر عید کی مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر کا روایتی حیدرآبادی تہذیب سے استقبال کیا گیا۔ چیف منسٹر نے محمد علی شبیر کے افراد خاندان کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی حکومت تمام مذاہب کے یکساں احترام پر یقین رکھتی ہے ۔ چیف منسٹر نے عیدالفطر کی مخصوص ڈش شیرخورمہ نوش کیا اور ستائش کی۔ بعد میں تقریباً 150 سے زائد معززین شہر اور حکومت کے نمائندہ افراد نے ظہرانہ میں شرکت کی۔ اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں ، ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی ، ڈی سریدھر بابو ، پونم پربھاکر ، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی ، رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر ، ورکنگ پریسڈنٹ محمد اظہرالدین ، سابق اپوزیشن لیڈر کے جانا ریڈی ، سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ ، سریش کمار شیٹکر ، ظفر جاوید ، محمد فیروز خاں ، روہن ریڈ ی ، سید نظام الدین کے علاوہ ارکان اسمبلی و کونسل اور مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشین نے شرکت کی۔ علماء و مشائخین اور مذہبی جماعتوں کے نمائندوں نے امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد مبشرالظفر ، محمد اظہرالدین ، جنرل سکریٹری جمیعت العلماء پیر خلیق احمد صابر، امیر امارات ملت اسلامیہ مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ، نواب مجاہد عالم خاں، صدر تحریک مسلم شبان جناب مشتاق ملک ، خطیب مکہ مسجد مولانا حافظ محمد رضوان قریشی اور دوسروں نے شرکت کی ۔ محمد علی شبیر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کی عظیم روایات کو برقرار رکھتے ہوئے انہوں نے عید ملاپ تقریب منعقد کی ہے ۔ اس طرح کی تقاریب سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں مدد ملے گی۔1