چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جمعہ کو لال بہادراسٹیڈیم میں دعوت افطار

,

   

8 ہزار مدعوئین کی شرکت، بڑے پیمانے پر تیاریاں، محمد علی شبیر اور شاہنواز قاسم نے انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد۔/13مارچ، ( سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر تلنگانہ کی ریونت ریڈی حکومت نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل ہی دعوت افطار کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کی دعوت افطار کا عام طور پر رمضان المبارک کے آخری دہے میں اہتمام کرنے کی روایت ہے لیکن ریونت ریڈی نے رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو دعوت افطار کا فیصلہ کیا۔ 15 مارچ جمعہ کو لال بہادر اسٹیڈیم میں دعوت افطار کے وسیع انتظامات کا آغاز ہوچکا ہے۔ تقریباً 8000 افراد کیلئے دعوت افطار کی تیاریاں ہیں جن میں اہم شخصیتوں ، علماء و مشائخین، سیاسی قائدین، اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ عام روزہ داروں کی شرکت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے آج اعلیٰ عہدیداروں اور مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین کے ہمراہ لال بہادر اسٹیڈیم میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر کے سکریٹری شاہنواز قاسم آئی پی ایس ، سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس، احمد ندیم آئی اے ایس، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، صدرنشین حج کمیٹی‘ مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال، صدرنشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی عائشہ مسرت خانم آئی اے ایس، شریمتی کانتی ویسلی آئی اے ایس، ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور،کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، فہیم قریشی، علی بن ابراہیم مسقطی اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار و کانگریس قائدین موجود تھے۔ محمد علی شبیر اور شاہنواز قاسم نے تمام محکمہ جات کو انتظامات کے سلسلہ میں ضروری ہدایات دیں اور اسٹیڈیم میں تیار کئے جانے والے مختلف گوشوں کا معائنہ کیا۔ اسٹیج کے علاوہ چار مختلف زمروں میں مدعوئین کیلئے نشستوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ معائنہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب کی روایت دعوت افطار کا اہتمام ہے۔ دعوت افطار کے ذریعہ مذہبی رواداری اور تمام مذاہب کے یکساں طور پر احترام کا اظہار ہوتا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آخری دہے کے بجائے رمضان المبارک کے پہلے دہے کو دعوت افطار کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پردیش کانگریس کی حیثیت سے ریونت ریڈی نے قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں دعوت افطار کا اہتمام کیا تھا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ دعوت افطار کوئی سیاسی تقریب نہیں ہوگی بلکہ مذاہب سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں کو مدعو کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی علماء و مشائخین اور عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں علحدہ سیکشن سیکوریٹی کے پیش نظر بنائے جارہے ہیں جبکہ تمام مدعوئین کیلئے کھانے کا ایک ہی انتظام ہوگا۔ انہوں نے حیدرآباد، خیریت آباد اور سکندرآباد کے ضلع کانگریس صدور کو مشورہ دیا کہ باہم تال میل کے ذریعہ دعوت افطار کے انتظامات میں حصہ لیں اور اسے کامیاب بنائیں۔1