چیف منسٹر کا کل دورۂ سنگاریڈی، وسیع تر حفاظتی انتظامات

   

15 اگست کو نئے راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز ،ضلع ایس پی نے ہیلی پیاڈ، جلسہ گاہ اور دیگر اہم مقامات کا معائنہ کیا

سنگاریڈی 13 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی کے 15 اگست کو دور? سنگاریڈی کے پیش نظر ضلع پولیس کی جانب سے وسیع تر حفاظتی اور ٹریفک انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلع سنگاریڈی کے ایس پی پریتوش پنکج نے ایڈیشنل ایس پی چیتنیا ریڈی کے ہمراہ مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ایس پی نے چیف منسٹر کے پروگرام کے لیے مقرر کردہ ہیلی پیڈ، جلسہ گاہ اور دیگر اہم مقامات کا معائنہ کیا اور وہاں تعینات پولیس عہدیداروں سے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ چیف منسٹر کے دورے کے موقع پر سکیورٹی انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ ہونے پائے اور تمام انتظامات کو مقررہ وقت سے مکمل کرلیا جائے بعد ازاں ایس پی پریتوش پنکج نے پولیس عہدیداروں کے ہمراہ شہر سنگاریڈی کے مختلف اہم مقامات کا بھی معائنہ کیا۔ ای بی گیسٹ روڈ پر پنڈت جواہر لال نہرو اور راجیو گاندھی کے مجسموں کی نقاب کشائی چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں انجام دی جائے گی۔ اس موقع پر عوام کی آمد و رفت اور اہم شخصیات کی نقل و حرکت کے پیش نظر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ایس پی نے کہا کہ چیف منسٹر کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے موٹر وہیکل پارکنگ، ٹریفک کنٹرول، روٹ مینجمنٹ اور حفاظتی انتظامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے دوران عوام کو ٹریفک کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کے لیے خصوصی ٹریفک انتظامات کیے جائیں گے۔انہوں نے متعلقہ پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پروگرام کے تمام مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور ضرورت کے مطابق اضافی پولیس عملہ تعینات کیا جائے۔ ایس پی نے کہا کہ چیف منسٹر کے دورے کے دوران امن و ضبط برقرار رکھنا اور عوام کو بہتر سہولت فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی 15 اگست کو سنگاریڈی میں نئے راشن کارڈس کی تقسیم کے پروگرام کا بھی افتتاح کریں گے، جس کے بعد ریاست کے تمام 119 اسمبلی حلقوں میں راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز ہوگا۔