چیف منسٹر کو نشانہ بنانے پر کانگریس قائد کو وجہ نمائی نوٹس

   

حیدرآباد۔/27 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث قائدین کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی تادیبی کارروائی کمیٹی کے صدرنشین ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے سابق جنرل سکریٹری پردیش کانگریس بی جڈسن کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی ہے۔ کمیٹی کو کئی شکایات موصول ہوئیں کہ جڈسن مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور کھل کر کانگریس پارٹی کی پالیسیوں اور پروگراموں پر تنقید کررہے ہیں۔ جڈسن کو نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ٹی وی انٹرویوز میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کی سرگرمیاں ڈسپلن کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ نوٹس میں انہیں اندرون تین یوم وضاحت کرنے کی مہلت دی گئی بصورت دیگر ان کے خلاف کانگریس کے دستور کے مطابق تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ وجہ نمائی نوٹس کی تاریخ سے اندرون تین یوم تحریری طور پر وضاحت کی ہدایت دی گئی ہے۔1