چینائی ۔ 13 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : ڈاکٹر محمد نعیم الرحمن وائس چیرمین ٹاملناڈو اردو اکیڈیمی نے ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعبہ اردو تقریبا 15 سے 20 سال پہلے درج ذیل سرکاری کالجوں میں کام کررہا تھا ، پریزیڈنسی کالج ، قائد ملت سرکاری کالج برائے خواتین ، سرکاری بھارتی وومینز کالج نارتھ مدراس ، کوئین میری کالج اور نندانم آرٹس کالج چینائی ۔ سوائے کوئین میری کالج کے دیگر کالجوں میں اس وقت شعبہ اردو سرگرم نہیں ہے ۔ کافی جدوجہد ، نمائندگی اور پرنسپل سکریٹری ، چیف منسٹر ، وزیر تعلیم ، ڈائرکٹر کالج ایجوکیشن ، سکریٹری اعلیٰ تعلیم اور رجسٹرار مدراس یونیورسٹی سے ملاقاتوں کے بعد گذشتہ جمعہ کو پریزیڈنسی کالج میں شعبہ اردو کے تحت بی اے اردو ڈگری کورس کو ڈی سی ای اور مدراس یونیورسٹی سے باقاعدہ منظوری مل گئی ہے اور سات طلباء کا داخلہ بھی ہوچکا ہے ۔ یہ خبر تمام اردو محبین کے لیے انتہائی خوش آئند ہے ۔ شعبہ اردو کے لیے نئے وزیٹنگ لکچرر کا تقرر بھی ہوچکا ہے ۔ اردو اکیڈیمی کی مسلسل کوششیں جاری ہیں کہ چینائی کے دیگر تین کالجوں اور دوسرے اضلاع میں بھی شعبہ اردو شروع کروایا جائے ۔ پریزیڈنسی کالج کی ساری فیس اردو این جی او اسپانسر کرے گی ۔ طلباء کو کالج میں داخلہ لینے کی ترغیب دیں ۔ڈاکٹر محمد نعیم الرحمن وائس چیرمین ٹاملناڈو اردو اکیڈیمی کی کوششوں سے ریاست میں اردو کو فروغ حاصل ہورہا ہے ۔