چینی اور روسی بحری جہازوں کو نشانہ نہیں بنا یا جائے گا:حوثی

   

صنعاء : ایرانی حمایت یافتہ حوثی دہشت گرد گروپ کا کہنا ہے چینی اور روسی بحری جہازوں کو بحیرہ احمر میں محفوظ راستہ دستیاب ہو گا۔ حوثی سیاسی قیادت کے ایک رکن محمد البخیتی نے روسی اخبار از واستیا کو ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر روس اور چین کے بحری جہازوں کا اسرائیل کے ساتھ تعلق نہیں ہو گا تو یمن کے ارد گرد بحری جہازوں کے راستے ان کے لیے محفوظ ہیں۔ یہ بات خبر رساں ادارے اے ایف پی نے واستیا کے حوالے سے جمعے کو بتائی۔ حوثی کہہ چکے ہیں کہ وہ غزہ میں عسکریت پسند گروپ حماس کیساتھ اسرائیل کی جنگ کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کر رہے ہیں اور انہوں نے بحیرہ احمر میں 30 سے زیادہ حملے کیے ہیں۔ تاہم حوثیوں نے ان بحری جہازوں پر حملے کیے ہیں جن کا بظاہر اسرائیل کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا۔ اس کے نتیجے میں بحری جہاز رانی کی کچھ کمپنیاں ان بحری راستوں سے گریز کر رہی ہیں جہاں حوثی حملوں کا خدشہ ہے۔ یہ بڑی بڑی کمپنیاں اپنے بحری جہازوں کا راستہ تبدیل کر کے افریقہ کے ارد گرد کا زیادہ لمبا اور زیادہ مہنگا راستہ اختیار کر رہی ہیں۔