چین اور پاکستان سرحد پر فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کی ضرورت

   

تباہ کن ہتھیاروں کی منتقلی پر نظر رکھنے لوک سبھا میں اتم کمار ریڈی کا مشورہ
حیدرآباد۔7 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے چین اور پاکستان کی سرحد پر ہندوستانی فوج کی طاقت اور صلاحیتوں میں اضافہ کی ضرورت ظاہر کی۔ تباہ کن ہتھیاروں کی منتقلی اور تیاری میں تعاون پر پابندی سے متعلق ترمیمی قانون پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے لوک سبھا میں اس بل کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی بل کی مخالفت نہیں کرسکتی تاہم اس میں بعض ترمیمات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بل میں صرف ایک انفرادی شخص کے خلاف کارروائی کی بات کہی گئی ہے، حالانکہ تباہ کن ہتھیاروں کی منتقلی اور تیاری میں افراد کے علاوہ بعض تنظیمیں اور ممالک ملوث ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جن ممالک سے ہم نے ملزمین کو حوالے کرنے کا معاہدہ کیا ہے ، صرف وہاں پر اس قانون کا اطلاق ہوگا ۔ ہندوستان کے خلاف دہشت گردی کو فروغ دینے والے ممالک سے ہر کوئی واقف ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کی سرگرمیوں سے چوکس رہنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ فائٹر پائلٹ کی حیثیت سے وہ چین اور پاکستان کی سرحد پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان اور چین کے طیارے کیمیکل اور نیوکلیئر ہتھیار منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انڈین ایر فورس کے لئے ایسی صلاحیتوں میں اضافہ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین سے جنگ کے دوران روس نے اپنے نیوکلیئر یونٹ کو تیار رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کیمیکل اور نیوکلیئر ہتھیاروں کے علاوہ بیالوجیکل ہتھیاروں کے استعمال پر توجہ کی ضرورت ظاہر کی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرون کے ذریعہ بھی ہتھیار منتقل کئے جاسکتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے قومی سلامتی مشیر یا پھر نائب مشیر کے عہدہ پر فوجی مہارت رکھنے والے افراد کے تقرر کی سفارش کی۔ ر