چین :ہوبئی صوبے سے پروازوں کا آغاز

,

   

بیجنگ / ووہان 29 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) چین نے آج کورونا وائرس کا مرکز رہنے والے ہوبئی صوبے سے اندرون ملک پروازوں کا آغاز کردیا ہے ۔ یہ پروازیں صرف ووہان سے شروع نہیں کی جاسکی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس علاقہ میں پابندیوں اور لاک ڈاون میں بتدریج نرمی کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ ہوبئی کے دارالحکومت ووہان سے فضائی پروازوں کا 8 اپریل سے آغاز کیا جائیگا ۔ ووہان ہی وہ شہر ہے جہاں سب سے پہلے کورونا وائرس پھوٹا تھا اور یہاں ہزاروں اموات ہوئی ہیں۔ چین نے ہوبئی صوبے میں لاک ڈاون کی پابندیوں میں نرمی پیدا کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ 25 مارچ سے یہاں مقامی ٹرانسپورٹ خدمات کو بحال کردیا گیا تھا جس کے بعد جن افراد کے کورونا معائنے منفی آئے ہیں انہیں سفر کی اجامت دیدی گئی تھی ۔ چینی نیشنل ہیلت کمیشن نے آج کہا کہ حالانکہ معمولی تعداد میں چین میں اب بھی کورونا وائرس کے مریضوں کا پتہ چل رہا ہے تاہم مقامی طور پر اس وائرس کی منتقلی کی شرح بہت کم ہوگئی ہے ۔ ووہان شہر اس وائرس کا مرکز رہا تھا اور وہاں سے اب پروازوں کا 8 اپریل کو آغاز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔