چیک ریپبلک کی کرسٹینا پیزکووا مس ورلڈ 2024 منتخب

   

مس لبنان یاسمینہ زیتون رنر اپ، انڈیا کی سینی شیٹی ٹاپ-8 راونڈ تک ہی پہنچ سکیں
ممبئی: چیک ریپبلک کی کرسٹینا پیزکووا نے مس ورلڈ 2024کا تاج اپنے نام کیا۔ مس لبنان یاسمینہ زیتون رنر اپ رہیں جبکہ ہندوستان کی سینی شیٹی ٹاپ8 راونڈ تک ہی پہنچ سکیں ۔مس ورلڈ کے انتخاب کی تقریب کے 71ویں ایڈیشن میں 112 ممالک کی حسیناؤں نے حصہ لیا۔ یہ ایونٹ ممبئی کے مشہور جیو ورلڈ کنونشن سنٹر میں کل ہفتہ کو منعقدہوا۔ 100 سے زیادہ ممالک میں فائنل کا لائیو ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔مقابلے کے دوران یاسمینہ زیتون نے مس ایشیا کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا اور وہ اپنی خوبصورتی کے علاوہ مقابلے کے دوران ان سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات سے بھی ممتازدرجے پرفائز ہوئیں۔ ہندوستان کی سینی شیٹی ٹاپ 8 میں پہنچی تھیں۔ اس سے قبل انہوں نے ٹاپ 12 اور ٹاپ 40 میں جگہ بنائی تھی۔ٹاپ 8 راؤنڈ کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا ۔ اس میں جیوری نے سینی سے پوچھا سوشل میڈیا کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے پر کیسے کام کیا جا سکتا ہے ؟اس کے جواب میں سینی نے کہا کہ مس ورلڈ کے پلیٹ فارم پر کھڑے ہو کر میں یقین دلاتی ہوں کہ سوشل میڈیا کے بہتر استعمال سے ہم معاشرے میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔تقریب کو کرن جوہر نے مس ورلڈ2013 میگن ینگ کے ساتھ مل کر پیش کیا۔ تقریب کے جیوری ممبران میں مشہور صحافی رجت شرما، فلمساز ساجد ناڈیاڈوالا، اداکارہ کریتی سینن اور بزنس مین ونیت جین شامل تھے جبکہ شان، نیہا ککڑ اور ٹونی ککڑ جیسے گلوکاروں نے میوزیکل پرفارمنس دی۔ اس تقریب کے دوران نیتا امبانی کو ہیومینٹیرین ایوارڈ سے نوازا گیا۔