ڈاؤس میں بین الاقوامی صنعتی اداروں کے نمائندوں سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ملاقات

   

اگیلیٹی کے صدرنشین طارق سلطان کو زرعی شعبہ کی ترقی سے واقف کرایا گیا، آئی ٹی اور دیگر شعبہ جات کی کمپنیوں سے ملاقات
حیدرآباد 21 جنوری (سیاست نیوز) ورلڈ اکنامک فورم اجلاس کے پہلے دن چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کئی بین الاقوامی اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کی۔ عالمی صنعتی ادارے یونی لیور (UNILEVER) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہین اسمیچر کے علاوہ کمپنی کے چیف سپلائی چین آفیسر ولیم وجین سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا۔ ایک اور ادارہ اگیلیٹی (AGILITY) کے صدرنشین طارق سلطان نے تلنگانہ پویلین میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو سے ملاقات کی۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سرمایہ کاری کے لئے تلنگانہ موزوں مقام ہے۔ تلنگانہ رائزنگ کے تحت چیف منسٹر اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بتایا کہ سرمایہ کاری کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کئی مراعات دی جائیں گی۔ بین الاقوامی اداروں کو فیوچر سٹی کے قیام سے واقف کرایا گیا جہاں حکومت بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کررہی ہے۔ گزشتہ سال ورلڈ اکنامک فورم اجلاس میں طے پائے معاہدات کے تحت قائم کئے جانے والے اداروں کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ نئے اداروں کے قیام سے نہ صرف ٹیکنالوجی کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ کیلیفورنیا کی کمپنی Samba Nova کے چیف گروتھ آفیسر مسٹر سو لی نے تلنگانہ پویلین میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو سے ملاقات کی۔ یہ کمپنی آرٹیفیشل انٹلی جنس کے شعبہ میں نئی اختراعات کے لئے شہرت رکھتی ہے۔ دونوں کے درمیان ملاقات حوصلہ افزاء رہی اور کمپنی نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ 1