ڈبل بیڈروم کی فراہمی کے نام لوٹنے والے افراد گرفتار

   

اصل سرغنہ شکایت گذار کا رشتہ دار، اپل پولیس کی کارروائی

حیدرآباد ۔ 24 فبروری (سیاست نیوز) ڈبل بیڈروم مکان کی فراہمی کے نام پر خاتون کو لوٹ لینے کی واردات پولیس نے حل کرلی اور تین افراد کو گرفتار کرلیا جس میں ایک سرغنہ شکایت گذار خاتون کا رشتہ دار پایا جاتا ہے۔ اپل پولیس نے ضعیف خاتون کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے 29 سالہ ستویک، 36 سالہ انیل کمار اور 21 سالہ سائی کمار ساکنان لنگم پلی کو گرفتار کرلیا جو پیشہ سے کیٹرنگ کا کاروبار کرتے تھے۔ 20 فبروری کے دن شکایت گذار خاتون سے رجوع ہوکر انہوں نے ڈبل بیڈروم مکان کی فراہمی کیلئے عہدیدار سے ملاقات کا جھانسہ دیا اور خاتون کو اپنے ساتھ لے گئے۔ خاتون نے ڈبل بیڈروم مکان کیلئے درخواست داخل کی تھی۔ خاتون کو بتایا گیا کہ مکان کی منظوری کیلئے عہدیدار سے ملاقات کرنی ہے اور مزید درخواست گزار بھی ان کے ساتھ ہیں چونکہ ستوبک رشتہ دار بھی ہے۔ خاتون ان کی باتوں میں آ گئی اور ان کے ساتھ کار میں نکل پڑی۔ راستہ میں کار کو روک کر اپل کے علاقہ میں ان تینوں نے چاقو کی نوک پر خاتون کو لوٹ لیا اور چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ اپل پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد حاصل کی اور تحقیقات کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 34 گرام طلائی زیورات، دو سیل فونس اور ایک کار کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 14 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس سرقہ کی سازش ستویک نے تیار کی تھی جو آن لائن قرض حاصل کرنے کے بعد اس کی ادائیگی میں ناکام ہوگیا تھا اور سازش میں اپنے ساتھیوں کو شامل کرتے ہوئے واردات انجام دی تھی۔ پولیس اپل نے انہیں گرفتار کرلیا۔ع