ڈونگر کے ایک کیس میں اعظم خان سمیت تمام ملزمین بری

   

رامپور: اترپردیش کے ضلع رامپور کی ایک عدالت نے ڈونگر معاملے میں سابق کابینی وزیر اعظم خان سمیت تمام آٹھ ملزین کو بری کردیا ہے ۔ضلع کے ڈونگر معاملے میں اعظم خان اور دیگر کے خلاف 12مقدمے درج ہوئے تھے ۔ اس میں سے ایک مقدمے میں سبھی ملزمین کو پہلے ہی بری کیا جاچکا ہے جبکہ دوسرے معاملے میں اعظم خان کو سات سال کی سزا اور آٹھ لاکھ کا جرمانہ لگایا جاچکا ہے ۔ اعظم خان سمیت چار افراد کو اس میں سزا ہوچکی ہے ۔ جبکہ اسی معاملے میں تین ملزمین کو بری کردیا گیا۔اسی معاملے میں آج ایک اور معاملے میں فیصلہ آیا ہے ۔ اس میں اعظم خان سمیت آٹھ افراد ملزم تھے ۔ اس میں مکانوں پر بلڈوزر چلوانے کے ساتھ ہی گھر میں لوٹ پاٹ کرنے کا بھی الزام تھا۔ اس کی سماعت کے لئے ایم پی۔ ایم ایل اے سیشن کورٹ میں چل رہی ہے ۔تھانہ گنج علاقے کے محلہ گھیر میاں خان باشندہ شفیق بانو نے سال 2019 میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ متاثرہ خاتون نے تحریر میں الزام لگایا تھا کہ اس نے سال 2012 میں زمین خرید کر پکی رجسٹرای کرائی تھی۔ ساتھ ہی اس زمین پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔شفیق بانو نے تحریر میں لکھا کہ سال 2016 کی رات میں نگر پالیکا کے اس وقت کے صدر اظہر خان، سی او سٹی آل حسن خان، رانو خان، امیندر سنگھ چوہان، فیروز خان، جبران خان، ٹھیکیدار برکت علی گھر میں گھس آئے ۔ اس کے بعد سبھی لوگوں نے زبردستی گھر سے نکال کر مکان پر بلڈوزر چلوا دیا تھا۔ گھر میں رکھے نوہزار روپئے بھی لوٹ لئے ۔ پولیس نے تفتیش کے دوران اعظم خان کا نام بھی شامل کرلیا تھا۔سینئر پراسیکیوٹر افسر امرناتھ تیواری نے بتایا کہ ایم پی۔ ایم ایل اے سیشن کورٹ میں یہ معاملہ زیر غور رہا۔