ڈی آئی جی کا نظام آباد ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن کا اچانک معائنہ

   

نظام آباد 19 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈی آئی جی باسر زون-2 کے نارائن نائک نے آج نظام آباد پولیس کمشنریٹ کے تحت ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر نظام آباد پولیس کمشنر پی سائی چیتنیانے ڈی آئی جی کا ذبردست خیرمقدم کیا۔ بعد ازاں ڈی آئی جی نے پولیس اسٹیشن کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیتے ہوئے اسٹیشن کی کارکردگی، ریکارڈس کی دیکھ بھال، مقدمات کی تحقیقات میں پیش رفت اور پولیس ملازمین کی ڈیوٹیوں کی انجام دہی سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دینے والے ملازمین سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی ذمہ داریوں، فرائض کی انجام دہی اور انہیں درپیش مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی کے نارائن نائک نے پولیس ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرتے ہوئے محکمہ پولیس کی ساکھ اور وقار میں اضافہ کے لیے پوری لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے مؤثر استفادہ کرتے ہوئے مقدمات کی تحقیقات میں تیزی لائی جائے اور جرائم میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔ عدالتوں میں زیر التواء مقدمات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے سمن اور وارنٹ کی تعمیل کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ اس اچانک معائنے کے دوران پولیس اسٹیشن کی مجموعی کارکردگی، ملازمین کی ڈیوٹیوں اور مقدمات کی تحقیقات میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نظام آباد اے سی پی پرکاش، ٹریفک اے سی پی سید مستان علی، اسپیشل برانچ انسپکٹر ملیش، سب انسپکٹر بال سنگھ اور دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے۔