ڈے نائیٹ ٹسٹ کو یادگار بنانے کی تیاریاں عروج پر

   

کولکتہ ۔18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو بڑے فرق کے ساتھ شکست دی لیکن تمام تر توجہ اب دوسرا ٹسٹ پر مرکوز ہوچکی ہے جیسا کہ یہ میچ کولکاتہ میں گلابی گیند سے کھیلا جائے گا۔ یہ ٹسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ کھیلا جائے گا جو دونوں ہی ٹیموں کیلئے تاریخی مقابلہ ہوگا ۔ دونوں ہی ٹیمیں پہلی مرتبہ ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ کھیلیں گی۔ اس میچ کو یادگار بنانے کی تیاریاں بھی شروع ہوگئی ہیں۔ جہاں مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی اوربنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ ایڈن گارڈن میں گھنٹی بجاکر روایتی طور پر میچ شروع کرنے کا اعلان کریں گی ۔ علاوہ ازیں ہندوستانی فوج کے پیراٹروپرس دونوں کپتانوں کو گلابی گیند دیں گے۔ بنگال کرکٹ اسوسی ایشن کے سکریٹری اویشیک ڈالمیا نے کہا کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ میں ٹاس سے پہلے پیراٹروپرس دوگلابی گیندوں کے ساتھ وکٹ پر آئیں گے۔ ڈالمیا نے کہا کہ فوج ( مشرقی کمان ) کے ساتھ اس سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ میچ شروع ہونے سے پہلے فوج دونوں ممالک کا قومی ترانہ بھی بجائے گی۔ بعد ازاں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ اور مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی ایڈن گارڈن کی گھنٹی بجائیں گی۔ اندور ٹسٹ میچ لال گیند سے کھیلا گیا ، جہاں کوہلی کی قیادت میں ٹیم نے اپنے تجربہ کا بھرپور فائدہ اٹھایا لیکن کولکاتہ میں کوہلی کے سامنے بنگلہ دیش سے زیادہ اپنی ٹیم کو سنبھالنے کا ہی چیلنج ہوگا ، کیونکہ زیادہ تر کھلاڑی پہلی مرتبہ گلابی گیند کا سامنا کریں گے۔ دراصل ہندوستانی ٹیم پہلی مرتبہ گلابی گیند سے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ کھیلے گی اور اس وجہ سے ٹیم کے کھلاڑیوں کو اس گیند سے کھیلنے کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ حالانکہ ٹیم نے اندور میں ہی پنک گیند سے پریکٹس شروع کردی تھی ، تاکہ کولکاتہ میں زیادہ پریشانی پیش نہ آئے۔یوں تو بین الاقوامی سطح پر پوری ٹیم کیلئے یہ ایک نیا تجربہ ہوگا ، لیکن ٹیم کے کچھ کھلاڑی گلابی گیند سے پہلے بھی کھیل چکے ہیں۔ تاہم کپتان ویراٹ کوہلی کیلئے گلابی گیند کا تجربہ بالکل نیا ہوگا۔ چتیشور پجارا ، اجنکیا راہانے اور وکٹ کیپر ساہا گلابی گیند سے پہلے بھی کھیل چکے ہیں لیکن زیادہ ترکھلاڑیوں کے پاس اس کا تجربہ نہیں ہے۔یادرہے کہ ہندوستانی ٹیم ڈے نائیٹ ٹسٹ کیلئے حالیہ عرصہ تک تذبذب کا شکار تھی لیکن سوروگنگولی کے بی بی سی آئی صدر بننے کے بعد انکی پہلی ہی کوشش رنگ لائی ہے جس کی وجہ سے ایڈن گارڈنز میں ڈے نائیٹ ٹسٹ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔