کاروی اسٹاک بروکنگ کمپنی کا ایم ڈی گرفتار

   

حیدرآباد۔ /19 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بینکس کو کروڑہا روپئے کا دھوکہ دینے والے کاروی اسٹاک بروکنگ کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر کو سی سی ایس پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اس سلسلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ کمشنر پولیس سی سی ایس مسٹر اویناش موہنتی نے کہا کہ 67 سالہ سی پارتھا سارتھی جو کاروی کمپنی کی منیجنگ ڈائرکٹر ہے نے 137 کروڑ کا قرض مختلف بینکوں سے حاصل کیا تھا۔ قرض کے حصول کیلئے کاروی اسٹاک بروکنگ کی کئی ملکیتوں کو متعلقہ افراد کے علم میں لائے بغیر بینک میں رہن رکھ دیئے گئے۔ مسٹر موہنتی نے کہا کہ بینک سے قرض حاصل کرنے کے بعد پارتھا سارتھی اس کی ادائیگی سے قاصر رہا اور اس سلسلہ میں سیبی نے بھی 2020 میں کاروی کمپنی کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے اس پر امتناع عائد کردیا تھا۔ جوائنٹ کمشنر سی سی ایس نے مزید کہا کہ کاروی کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر پارتھا سارتھی کو آج علاقہ جوبلی ہلز میں گرفتار کرلیا گیا ہے اور سی سی ایس میں اس قسم کے دیگر دو مقدمات جو کروڑہا روپئے کی دھوکہ دہی سے تعلق رکھتے ہیں زیر التواء ہیں۔B