کریم نگر ۔9 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کریم نگر کے 32ویں ڈیویژن کے کارپوریٹر شیخ یوسف نے انتخابات سے قبل کیے گئے اپنے وعدوں میں سے ایک اہم وعدہ پورا کرتے ہوئے اپنی پہلی تنخواہ علاقے کی تین مساجد کے حوالے کردی۔تفصیلات کے مطابق محلہ حسینی پورہ میں واقع محمودیہ مسجد، رحمت مسجد اور سکینہ مسجد کے ذمہ داران کو کارپوریٹر شیخ یوسف نے اپنے دفتر میں علاقہ کے معززین کی موجودگی میں یہ رقم باضابطہ طور پر پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران کیے گئے پانچ وعدوں میں سے تین وعدے مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی دو وعدوں پر بھی جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ڈیویژن میں کسی بھی بچی کی پیدائش پر 5 ہزار روپے نقد امداد دی جا رہی ہے جبکہ مستحق لڑکیوں کی شادی کے موقع پر پھولوں کا سہرا اور 2 ہزار روپے نقد تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر محمودیہ مسجد کے صدر تعظیم علی، رحمت مسجد کے سہیب احمد خان اور یاسر احمد خان ، سکینہ مسجد کے متولی محی الدین، کریم اللہ شاہ درگاہ کے متولی سید منصور توکلی، بی آر ایس اقلیتی سیل ٹاؤن صدر میر شوکت علی، سینئر رہنما سید عرفان الحق، بیابانی، سید واجد، باسط خان، سید طاہر اور خواجہ حسن علی اور دیگر بھی موجود تھے۔