کالا پتھر حدود میں ایک نوجوان کا بہیمانہ قتل

,

   

حیدرآباد ۔ /9 جولائی (سیاست نیوز) شہر میں قتل کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج رات پرانے شہر کے علاقہ کالا پتھر میں ایک نوجوان کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ سید مختار کو بعض افراد نے تعاقب کے بعد چونے کے بھٹی کے قریب چاقو سے وار کرکے قتل کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور چاقو کے وار سے زخمی نوجوان کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ماہ رمضان میں سید مختار کا احمد یافعی ، محمد اور حسن نامی افراد سے کچھ مسئلہ پر جھگڑا ہوا تھا لیکن عارضی طور پر یکسوئی ہوگئی تھی ۔پرانی مخاصمت کے نتیجہ میں احمد یافعی اور اس کے ساتھی مختار کا قتل کرکے فرار ہوگئے ۔ مقتول کی والدہ نے یہ الزام عائد کیا کہ ان کے بیٹے کی جان کو خطرہ لاحق ہونے کی بات کو کالاپتھر پولیس کو آگاہ کیا گیا تھا لیکن پولیس اس معاملہ میں کارروائی سے قاصر رہی ۔ مقتول کی والدہ نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ پولیس کی لاپرواہی کے نتیجہ میں ان کے بیٹے کا قتل ہوا ۔ پولیس بروقت ان کے بیٹے کے مخالفین کے خلاف کارروائی کرتی تو یہ واقعہ پیش نہ آتا ۔ قتل کے بعد اے سی پی چارمینار بی انجیا موقع واردات پر پہونچ گئے اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا ۔ خاطیوں کی گرفتاری کیلئے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔