عدالتی تحقیقات کے فیصلہ سے واقف کرایا
حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ کالیشورم پراجکٹ اور اس سے مربوط بیاریجس کی تعمیر میں نقائص کا پتہ چلا ہے۔ پردیش کانگریس کے نائب صدر جی نرنجن کی جانب سے دو علحدہ درخواستیں داخل کی گئیں جن میں درخواست گذار نے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کا حوالہ دیا ہے۔ عدالت نے درخواست گذار سے سوال کیا کہ الیکشن سے عین قبل ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کی کیا وجوہات ہیں جس پر درخواست گذار کے وکیل نے بتایا کہ میڈی گڈہ بیاریج میں نقائص کا گذشتہ سال اکٹوبر میں پتہ چلا ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل سدرشن ریڈی نے عدالت کو بتایا کہ حکومت ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کے برسرخدمت یا ریٹائرڈ جج کے ذریعہ تحقیقات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ نیشنل ڈیام سیفٹی اتھاریٹی نے 6 ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے جو تینوں بیاریجس کی تعمیر کا جائزہ لے گی۔ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل کے بیان کے بعد کہا کہ مزید سماعت کیلئے رپورٹ کا انتظار کرنا ہوگا۔ چار ماہ بعد جولائی میں آئندہ سماعت مقرر کی گئی ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل نے کالیشورم اور میڈی گڈہ پراجکٹس میں ناقص تعمیرات کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہاکہ میڈی گڈہ پراجکٹ کے پلرس زمین میں دھنس جانے کے بعد پولیس میں شکایت درج کرائی گئی تھی۔ انہوں نے پراجکٹ کی تعمیر کے آغاز سے تکمیل تک تخمینہ میں اضافہ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ماہرین اور ڈیام سیفٹی اتھاریٹی نے ناقص تعمیرات کی نشاندہی کی ہے۔1