کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگی سب سے بڑا اسکینڈل !

   

ریورس پمپنگ کے نام پر تخمینہ مصارف میں اندھا دھند اضافہ، کانگریس قائد ایم وکراما رکا ،کا الزام
حیدرآباد۔/18 اگسٹ، ( سیاست نیوز) قائد کانگریس مقننہ پارٹی مسٹر ایم بٹی وکرامارکا نے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں پیش آئی مبینہ بے قاعدگیوں کو دنیا بھر میں سب سے بڑا اسکینڈل قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ صرف 28ہزار کروڑ روپیوں کے مصارف سے مکمل ہونے والے پراجکٹ کے تخمینہ مصارف کو ایک لاکھ کروڑ تک اضافہ کردیا گیا ۔ ریاست تلنگانہ میں صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ریاستی حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران مسٹر بٹی وکرامارکا نے حکومت پر متعدد بے قاعدگیوں کے الزامات عائد کئے اور بتایا کہ ’’ ریورس پمپنگ ‘‘ کے نام پر چار مقامات پر پانی کو اونچائی تک اُٹھا کر ڈالنے کیلئے پراجکٹ کے جملہ تخمینہ مصارف میں اندھا دھند اضافہ کردیا گیا۔ انہوں نے کالیشورم پراجکٹ کے ٹنڈرس میں بھی بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کے واقعات پیش آنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سابق کانگریس حکومت میں شروع کردہ بابا صاحب امبیڈکر ۔ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کو تمیڈی ہٹی سے تعمیر کرتے تو گراویٹی ( زمینی سطح ) کے ذریعہ ایلم پلی پراجکٹ میں پانی آسکتا تھا اور ریورس پمپنگ کی ہرگز ضرورت ہی نہیں ہوتی تھی۔ قائد کانگریس مقننہ پارٹی مسٹر بٹی وکرامارکا نے ریاستی حکومت سے دریافت کیا کہ آیا اب تک میڈی گڈہ سے کتنے ٹی ایم سی پانی کی پمپنگ کی گئی جبکہ بتایا جاتا ہے کہ پمپنگ کیلئے جانے والے پانی کے مقابلہ میں نچلی سطح پر چھوڑے گئے پانی کی مقدار زیادہ ہے۔ انہوں نے حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ1500 کروڑ روپیوں کے جملہ مصارف سے مکمل ہونے والے سیتاراما پراجکٹ کیلئے 15 ہزار کروڑ روپیوں کے تخمینہ مصارف میں اضافہ کیا گیا۔