کالیشورم پراجیکٹ ‘بیاریجس و پمپ ہاوز کے کام مارچ تک مکمل کئے جائیں

,

   

فنڈز کی کوئی کمی نہیں۔ کا م معیاری کیا جائے اور قبل از وقت مکمل ہو ۔ عہدیداروں کو چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایات

حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے کالیشورم پراجکٹ کے حدود میں تعمیر ہونے والے بیارجس، پمپ ہاؤز وغیرہ مارچ کے اواخر تک مکمل کرنے کی محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں اور ورک ایجنسیوں کو ہدایت دی۔ گوداوری میں کاپر ڈیم تعمیر کرتے ہوئے اپریل میں تجرباتی آغاز کرنے پر بھی زور دیا۔ موسم برسات کے دوران گوداوری کا پانی میڈ مانیر تک لفٹ اریگیشن کے ذریعہ پہونچانے کی حکمت عملی تیار کرکے اس پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ زرعی کاشت کیلئے عوام اُمید بھری نظروں سے پانی کا انتظار کررہے ہیں۔ انکے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیرات کو جنگی خطوط پر تکمیل کرنے کا مشورہ دیا۔ پراجکٹس کے معائنہ پروگرام کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر نے آج کالیشورم پراجکٹ کے میڈی گڈہ بیارج، کنے پلی پمپ ہاؤز کا معائنہ کیا۔ کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ بعض مقامات پر کاموں میں غفلت کا بھی جائزہ لے کر عہدیداروں اور ورک ایجنسیوں کو معیاری تعمیرات میں کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ میڈی گڈہ، انارم، سندیلا برجس کی تعمیرات کے ساتھ پمپ ہاؤز کی تعمیرات، موٹرس تنصیب کرنے کے معاملہ میں خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی اور مقررہ وقت پر تعمیرات کی تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ چیف منسٹر نے 31 مارچ تک اہم کاموں کی تکمیل کرکے اپریل اور مئی میں دوسرے مسائل کو حل کرتے ہوئے جون تک زرعی شعبہ کو پانی کی سربراہی کیلئے کاموں کی تکمیل کی ہدایت دی۔

دریائے گوداوری سے تلنگانہ کو پانی کا جو کوٹہ مختص کیا گیا ہے، اس کو جلد استعمال کرنے پمپ ہاؤز کی تعمیرموٹرس کی تنصیب کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔ میڈی گڈہ بیاریج گیٹوں کے قیام کے کاموں اور گیٹوں کو آپریٹ کرنے کے نظام کا چیف منسٹر نے معائنہ کیا۔ میڈی گڈہ بیاریج کے رافٹ فاونڈیشن کاموں کو جنوری کے اواخر تک مکمل کرنے میڈی گڈہ بیارج، کانکریٹ ورک روزانہ 10 ہزار کیوبک میٹر سے زیادہ کرنے کی ایجنسیوں کو ہدایت دی۔ کنے پلی پمپ ہاؤز فور بے ہیڈ ریگولیٹر کاموں کا معائنہ کرنے کے دوران ہیڈ ریگولیٹر کاموں کے نقائص کو دور کرنے کی ہدایت دی۔ کنے پلی پمپ ہاؤز کاموں کے 11 پمپس کی تنصیب کو مارچ کے اواخر تک مکمل کرنے پر زور دیا۔ کے سی آر نے عہدیداروں اور ورک ایجنسیوں سے کہاکہ فنڈس کی قلت نہیں ہے۔ معیاری کام مقررہ وقت سے قبل تکمیل کرنے کا مشورہ دیا۔ کے سی آر نے کہاکہ عوام نے گزشتہ سے زیادہ اکثریت سے ٹی آر ایس کو اقتدار سونپا ہے۔ آبپاشی پراجکٹس کی جلد تعمیرا کرکے حکومت بھی اپنی سنجیدگی دکھائے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ کالیشورم پراجکٹ کے کاموں کا چیف منسٹر دفتر کے عہدیدار ہر 10 دن میں ایک مرتبہ جائزہ اجلاس طلب کریں گے۔ چیف منسٹر نے ٹیلیفون پر ٹرانسکو کے سی ایم ڈی پربھاکر راؤ سے بات کرتے ہوئے ٹرانسفارمرس کے کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ کانگریس کے تین ارکان اسمبلی سننیا اکا، سریدھر بابو اور جی وینکٹ رام ریڈی نے میڈی گڈہ پمپ ہاؤز کے پاس پہونچ کر تعمیری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لینے والے چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی، ڈی جی پی مہندر ریڈی، گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی، ٹی آر ایس ارکان اسمبلی وی پرشانت ریڈی، دیواکر راؤ، ٹی ایس ایم ڈی سی چیرمین ایس سبھاش ریڈی، حکومت کے مشیر ویویک، چیف منسٹر کی سکریٹری سمیتا سبھروال، انجینئرنگ چیف مرلیدھر راؤ کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے۔