کاماریڈی ۔6 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کاماریڈی کے عازمین حج 2026 کا پہلا قافلہ آج بعد نمازِ عشاء کاماریڈی گیسٹ ہاؤس سے پُروقار انداز میں روانہ ہوا۔ الحاج میر مبشر علی عامر، آرگنائزر ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی کی اطلاع کے مطابق، یہ قافلہ ضلع کاماریڈی حج 2026 کے تحت مولانا مفتی عمران خان قاسمی ، امیر الحجاج کی خصوصی ہدایات کے ساتھ اپنے مقدس سفر پر روانہ ہوا۔اس موقع پر بلدیہ کے چیئرمین اور کونسلرس نے قافلے کو جھنڈی دکھا کر رخصت کیا۔ حافظ محمد عبدالواجد حلیمی نے عازمین کے لیے بہ آسانی سلامتی، برکت اور بخیر و عافیت سفرِ حج مکمل ہونے اور واپسی کی دعاؤں سے رخصت کیا۔ اس بابرکت موقع پر مولانا شیخ احمد مظاہری، حافظ محمد یوسف حلیمی، انور، حافظ محمد شرف الدین حلیمی سمیت ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی کے ذمہ داران، عازمینِ حج اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔