کامیاب جمہوریت میں الیکشن کمیشن کا اہم رول:مودی

,

   

قومی ووٹر ڈے کے موقع پر ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں وزیراعظم کا خطاب

نئی دہلی، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات کرانے میں الیکشن کی ستائش کرتے ہوئے اتوار کو کہا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اس کا اہم اور مسلسل رول رہا ہے اور یہ ہر ووٹر کو الیکشن عمل میں حصہ لینے کا پختہ انتظامات کرتا ہے ۔ مودی نے ریڈیو پر اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ‘من کی بات’ کے 52 ویں ایڈیشن میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک کا اہم ادارہ ہے اور اس نے ہندوستانی جمہوریت کو مضبوط کرنے اور اسے کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہندوستانی جمہوریت کا لازمی حصہ ہے اور یہ جمہوریہ سے بھی پرانا ہے ۔ وزیر اعظم نے 25 جنوری کو ’قومی ووٹر ڈے ‘کا ذکر کرتے ہوئے کہا‘‘ ہندوستان میں جس پیمانے پر انتخابات کا انعقاد ہوتا ہے ، اسے دیکھ کر دنیا کے لوگوں کو تعجب ہوتا ہے اور ہمارا الیکشن کمیشن جس بخوبی سے اس کا انعقاد کرتا ہے ، اسے دیکھ کر ملک کے ہرشخص کو الیکشن کمیشن پر فخر ہونا فطری ہے ’’۔انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک میں اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتا کہ ہندوستان کا ہر شہری، جو ایک رجسٹرڈ ووٹر ہے ، اسے ووٹ دینے کا موقع ضرور ملنا چاہیے ۔ مودی نے الیکشن کمیشن کی پہنچ کا ذکر ہوئے کہا‘‘جب ہم سنتے ہیں کہ ہماچل پردیش میں سطح سمندر سے 15،000 فٹ کی اونچائی والے علاقے میں بھی پولنگ اسٹیشن قائم کیا جاتا ہے . انڈمان اور نکوبار کے دور دراز کے جزائر میں بھی ووٹنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے .آپ نے گجرات کے بارے میں تو ضرور سنا ہوگا کہ گیر کے جنگل میں، ایک دوردراز علاقے میں، ایک پولنگ بوتھ، جو صرف ایک ووٹر کے لئے ہے ’’۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک ووٹر کے لئے الیکشن کمیشن پوری طاقت لگاتا ہے ۔ اس سے الیکشن کمیشن پر فخر ہونا فطری ہے . ایک ووٹر کو اس کے ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع ملے ، اس کے لئے ، الیکشن کمیشن کے عملے کی مکمل ٹیم دور دراز علاقے میں جاتی ہے اور ووٹنگ کا انتظام کرتی ہے۔

میری حکومت، رشوت اور اقربا پروری کیخلاف: وزیراعظم
ملک کو لوٹنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا، عوام کیلئے ہیلت کیر اسکیم کیلئے مرکز کے اقدامات

مدورائی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہاکہ ان کی حکومت نے رشوت اور اقربا پروری کے خلاف جنگ چھیڑ دی ہے جو لوگ معاشی دھاندلیوں کے خاطی ہیں انھیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ رشوت کے خلاف ان کی مہم کی وجہ سے ہی آج اپوزیشن پارٹیوں کا عظیم اتحاد قائم ہورہا ہے۔ یہاں بی جے پی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ جو بھی شخص جس نے ملک کو لوٹا ہو یا دھوکہ دیا ہو اس کو بخشا نہیں جائے گا۔ چاہیے وہ ہندوستان میں ہو یا بیرون ہند رہتا ہے اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی بظاہر معاشی مجرمین وجئے ملیا، نیرو مودی اور میہول چوکسی کا حوالہ دے رہے تھے جو بینکوں کے قرضے ادا کرنے کے سلسلہ میں مطلوب ہیں اور اس وقت وہ ملک سے فرار ہیں۔ انھوں نے جلسہ گاہ میں موجود عوام کو مخاطب ہوکر کہاکہ مرکزی حکومت نے ملک سے رشوت اور اقربا پروری کے خاتمہ کے لئے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے رشوت کے خلاف جدوجہد جاری رکھی ہے۔ چینائی سے دہلی تک یہ جدوجہد ہورہی ہے جو لوگ سرکاری کنٹراکٹس میں مختلف بل بتارہے ہیں اور بہبودی اسکیمات میں دھاندلیاں کررہے ہیں انھیں گرفتار کیا جارہا ہے۔ انھوں نے اپوزیشن پارٹیوں کے مہا گٹھ بندھن پر تنقید کی جس نے آنے والے لوک سبھا انتخابات میں مودی حکومت کو بیدخل کرنے کا عہد کیا ہے۔ یہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ انھوں نے اپنے سارے اختلافات بازو رکھ کر ایک پلیٹ فارم پر آئے ہیں تاکہ اس چوکیدار کو ہٹادیں۔ تاہم ان لوگوں کو چاہے جتنا بڑا گروپ بن جائے لیکن نریندر مودی چٹان کی طرح کھڑا رہے گا غریب کے ساتھ مودی کا ساتھ ہے۔ انھوں نے مدورائی کے عوام سے کہاکہ وہ ان طاقتوں کو مسترد کردیں۔ ڈی ایم کے صدر اسٹالین نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے خلاف ایک طاقت اُبھر رہی ہے اور راہول گاندھی اپوزیشن کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے لیکن اس پر خود مہا گٹھ بندھن میں شامل پارٹیوں نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے ٹاملناڈو کے علاقہ تھاپور میں ایمس کے لئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کی حکومت نے عوام کو بہتر صحت فراہم کرنے کو یقینی بنانے کا عہد کیا ہے اس لئے ملک کے مختلف حصوں میں ایمس کے خطوط پر دواخانوں کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے۔ نئی دہلی کے ایمس نے ہیلت کیر میں اپنا منفرد برانڈ نام بنالیا ہے۔ اب مدورائی میں ایمس کی کارکردگی بھی اسی خطوط پر ہوگی۔ ملک بھر میں کشمیر سے کنیا کماری اور مدورائی سے گوہاٹی اور گجرات تک صحت عامہ کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔ ٹاملناڈو کو ایرو اسپیس اور دفاعی صنعت کے لئے ترجیحی مرکز قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ٹاملناڈو اب ملک کی سب سے ترقیاتی صنعتی ریاستوں میں سے ایک بن گئی ہے۔