کانگریس حکومت کی تشکیل پر کسانوں کو ایم ایس پی کی گارنٹی :راہول

,

   

شاجاپور(مدھیہ پردیش): کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ کانگریس کی حکومت آتی ہی کسانوں کو کم سے کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی گارنٹی دی جائے گی۔راہول گاندھی نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران مدھیہ پردیش کے شاجاپور ضلع میں اپنا خطاب دیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے اقتدار میں آتے ہی کسانوں کو ایم ایس پی کی گارنٹی دی جائے گی۔ اس دوران ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹواری بھی ان کے ساتھ موجود تھے ۔ذات پات کی مردم شماری کا معاملہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریباً 90 فیصد لوگ پسماندہ طبقات، دلت، قبائلی اور اقلیتی طبقات سے تعلق رکھتے ہیں۔ ملک کی بڑی کمپنیوں کی انتظامیہ میں اس طبقے کا ایک بھی فرد نہیں ملے گا۔ یہ سماجی ناانصافی ہے ، جو ملک کے تقریباً ہر ادارے میں ہو رہی ہے ۔ ذات پات کی مردم شماری سماجی ناانصافی کے خلاف ایک انقلابی قدم ہو گا۔کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے نکڑ سبھا میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی چاہتے ہیں کہ آپ دن بھر موبائل دیکھو، جئے شری رام بولو اور بھوکے مر جاؤ۔یہاں ایک دلچسپ منظر دیکھنے کو ملا جب کچھ لوگوں نے مسٹر راہول گاندھی کے سامنے مودی-مودی اور جئے شری رام کے نعرے لگائے ۔ ان لوگوں کو دیکھ کر راہول گاندھی گاڑی سے نیچے اترے اور ان سے ملنے چلے گئے ۔ اس دوران کچھ لوگوں نے راہول کو آلو دینے کی کوشش کی تو راہول نے وہ آلو ان سے لے کر ان کا شکریہ ادا کیا۔بی جے پی حکومتوں پر پیپر لیک ہونے کا الزام لگاتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ غریبوں کے بچے کئی سال تک محنت سے پڑھتے ہیں، لیکن جیسے ہی وہ امتحان کے سنٹرپر پیپر دینے جاتے ہیں، امیروں کے بچوں کے موبائل میں پہلے سے ہی پیپر آجاتے ہیں۔ امتحان کا پرچہ لیک ہو جاتا ہے ۔

حکومت بننے پر پیپر لیک گٹھ جوڑ کو ترجیحی بنیاد پر ختم کرینگے :راہول
نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے پیپر لیک کو نہ صرف اتر پردیش بلکہ پورے ملک کا ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنتی ہے تو پیپر لیک مافیا گٹھ جوڑ کو جڑ سے ختم کریں گے اور نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ نہیں ہونے دیں گے ۔راہول نے ایک پوسٹ میں کہا کہ پیپر لیک نہ صرف اتر پردیش بلکہ پورے ملک کے نوجوانوں کیلئے ایک لعنت بن گیا ہے ۔ گزشتہ سات برسوں میں ہی 70 سے زیادہ پیپر لیک کیسز نے دو کروڑ سے زیادہ طلباء کے خواب چکنا چور کر دیے ہیں۔ اس سے نہ صرف مستقبل کی تعمیر کے قیمتی سال ضائع ہو رہے ہیں بلکہ ان کے خاندانوں پر بھی مالی اور ذہنی بوجھ پڑ رہا ہے ۔غافل حکومت، بدعنوان افسران، نقل مافیا اور پرائیویٹ پرنٹنگ پریس کے مجرمانہ گٹھ جوڑ کو ختم کرنے اور ہر سطح پر احتساب کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔ جب میں نے طلباء سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ پیپر لیک ہونے کی تین بڑی وجوہات ہیں۔ بکی ہوئی سرکاری مشینری، پرائیویٹ پرنٹنگ پریس اور بدعنوانی کا اڈا بن چکے ماتحت سروسز سلیکشن کمیشن۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ سب سے موصول ہونے والی تجاویز کو ملا کر، کانگریس نوجوانوں کی بھرتی کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے ایک ٹھوس اور فول پروف منصوبہ تیار کر رہی ہے ۔
اور بہت جلد ہم آپ کے سامنے اپنا وژن پیش کریں گے ۔ ہم طلباء کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے ! نوجوانوں کا مستقبل انڈیا الائنس کی ترجیح ہے ۔