کانگریس نے تلنگانہ کے مزید 5 امیدواروں کا اعلان کردیا

   

سکندرآباد سے ڈی ناگیندر، چیوڑلہ سے رنجیت ریڈی، ملکاجگری سے سنیتا مہیندر ریڈی کو ٹکٹ
حیدرآباد۔/21 مارچ ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کیلئے 5 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ پہلی فہرست میں 4 امیدواروں کا اعلان کیا گیا تھا مزید 8 امیدواروں کا اعلان باقی ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے آج ملک بھر میں 57 امیدواروں پر مشتمل تیسری فہرست جاری کی ہے جس میں تلنگانہ کے حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ سے ڈاکٹر رنجیت ریڈی، حلقہ لوک سبھا ناگرکرنول سے ملوروی، حلقہ لوک سبھا ملکاجگری سے سنیتا مہیندر ریڈی، حلقہ لوک سبھا پداپلی سے گڈم ومشی، حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے ڈی ناگیندر کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کانگریس کی جانب سے ان امیدواروں کے اعلان کے بعد کانگریس پارٹی کارکنوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ پارٹی کے قائدین اور کارکن متعلقہ امیدواروں کو مبارکباد پیش کررہے ہیں۔ امیدواروں کی جانب سے پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے، سابق صدر راہول گاندھی اور چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس ہائی کمان نے پہلی فہرست میں تلنگانہ سے چار امیدواروں سریش شیٹکار ( ظہیرآباد ) ، کے رگھوویر ریڈی ( نلگنڈہ) ، ومشی چند ریڈی ( محبوب نگر) ، بلرام نائیک ( محبوب آباد ) کا اعلان کیا تھا ، ان امیدواروں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ کانگریس پارٹی ہائی کمان نے تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں میں تاحال 9 حلقوں کیلئے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے جبکہ مزید 8 حلقوں کھمم، بھونگیر، نظام آباد، حیدرآباد، میدک، کریم نگر، ورنگل اور عادل آباد کیلئے امیدواروں کا اعلان کیا جانا باقی ہے۔ چیلنج قبول کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو کامیاب بنانے والے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لوک سبھا انتخابات میں 12 تا 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرنے کا نشانہ مقرر کرتے ہوئے خصوصی حکمت عملی کے ساتھ تاحال پارٹی امیدواروں کا انتخاب کیا ہے۔ امیدواروں کے انتخاب میں پارٹی کے تمام سینئر قائدین کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ ایک طرف ریاست بھر میں مقامی اداروں پر جہاں کانگریس کا قبضہ ہورہا ہے وہیں مختلف کارپوریشنوں اور بورڈز کیلئے پارٹی کے وفادار قائدین کو ذمہ داری دینے کا اشارہ دیتے ہوئے پارٹی قائدین میں ایک نیا جوش و خروش پیدا کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ہولی تہوار کے بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کانگریس پارٹی کی طوفانی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے تب تک ماباقی امیدواروں کا بھی اعلان ہوجائے گا۔2