کانگریس نے خوشامد کیلئے پوٹا اور ٹاڈا کو ختم کیا : بی جے پی

   

نئی دہلی: حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج راجیہ سبھا میں اہم اپوزیشن کانگریس پر الزام لگایا کہ اس نے خوشامد کی سیاست کے تحت دہشت گردی پر لگام لگانے والے انسداد دہشت گردی ایکٹ (پوٹا) اور دہشت گردی و خلل انگیز سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (ٹاڈا) کو ختم کردیا۔بی جے پی کے برجلال نے جمعرات کو ایوان میں انڈین جسٹس (سکنڈ) کوڈ بل 2023، انڈین سول ڈیفنس (سکنڈ) کوڈ بل 2023 اور انڈین ایویڈینس (سکنڈ) بل 2023 پر مشترکہ بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوانین انگریزوں نے بنائے تھے اوریہ ہندوستان کے لیے موزوں نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والی کانگریس نے کبھی غلامی کی اس علامت کو مٹانے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس کے برعکس کانگریس نے خوشامد کی پالیسی اپنائی اور دہشت گردی پر لگام لگانے والے سخت قوانین پوٹا اور ٹاڈا کوختم کر دیا۔انہوں نے کہا کہ جب ملک میں دہشت گردی تھی اور دھماکے ہوتے تھے تو کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ ہندوستان جانے سے گریز کریں اور ملک میں سرمایہ کاری نہیں آتی تھی۔ رکن نے کہا کہ آج مودی حکومت کی دہشت گردی اور بدعنوانی کے تئیں زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے ، اسی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے ۔ اس کی وجہ سے ہندوستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور بھاری سرمایہ کاری آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان نئے قوانین سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہو گا۔