کانگریس کو شکست دینے بی جے پی اور بی آر ایس میں مفاہمت: چیف منسٹر

   

14 لوک سبھا نشستوں پر کانگریس کو کامیاب بنانے پارٹی کارکنوں کو ہدایت

حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور بی آر ایس نے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو شکست دینے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کوڑنگل میں مجالس مقامی کے نمائندوں اور کانگریس قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے لوک سبھا حلقہ محبوب نگر کی انتخابی مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس اور بی جے پی کے منصوبہ کو ناکام بناتے ہوئے کانگریس کو 14 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی دلائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی بہبود کیلئے وہ جامع منصوبہ رکھتے ہیں۔ حکومت کی چار ماہ کی کارکردگی سے تلنگانہ عوام مطمئن ہیں کیونکہ کانگریس نے چھ ضمانتوں میں سے پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ لوک سبھا چناؤ کے بعد مرکز میں کانگریس زیر قیادت انڈیا الائنس حکومت تشکیل دے گا اور راہول گاندھی ملک کے آئندہ وزیر اعظم ہوں گے۔ تلنگانہ سے زائد نشستوں پر کانگریس کی کامیابی سے مرکز میں تشکیل حکومت میں اہم رول ادا کیا جاسکتا ہے۔ ریونت ریڈی کا ماننا ہے کہ بی جے پی اور ٹی آرایس ان کے سیاسی امیج کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کوڑنگل اسمبلی حلقہ میں تقریباً 50 ہزار ووٹوں کی اکثریت کانگریس کو حاصل ہونی چاہیئے۔ حلقہ لوک سبھا محبوب نگر میں کانگریس امیدوار ومشی چند ریڈی کی کامیابی یقینی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس میرے انتخابی حلقہ میں کانگریس کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اگر اس سازش کا شکار ہوتے ہیں تو ریاست کی ترقی متاثر ہوگی۔ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ڈی کے ارونا نے محبوب نگر ضلع کیلئے مرکز سے ایک بھی پراجکٹ حاصل نہیں کیا اور نہ ہی زیر التواء فنڈز کی اجرائی کیلئے نمائندگی کی۔ کانگریس نے ڈی کے ارونا کو وزارت میں شامل کیا تھا لیکن 2019 میں انہوں نے کانگریس کو دھوکہ دے کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ محبوب نگر ضلع کیلئے یہ اعزاز ہے کہ سونیاگاندھی کی سرپرستی میں مجھے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کیا گیا۔ محبوب نگر ضلع سے تعلق رکھنے والا میں پہلا شخص ہوں جو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوا ہے۔1