کانگریس کی بھروسہ یاترا میں رکاوٹ، وزیراعظم کے دورہ کا بہانہ

   

پولیس کے رویہ پر تنقید، صدر اے پی کانگریس رگھوویرا ریڈی کا ردعمل

حیدرآباد ۔ 2 مارچ (سیاست نیوز) صدر آندھراپردیش کانگریس کمیٹی این رگھوویرا ریڈی نے محکمہ پولیس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ کانگریس پارٹی کے زیراہتمام آندھراپردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے سے متعلق بھروسہ بس یاترا کیلئے قبل از وقت اجازت لینے کے باوجود وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پروگرام کے نام پر یاترا میں پولیس کی جانب سے رکاوٹیں پیدا کی گئیں۔ اس طرح وزیراعظم کے دورہ وشاکھاپٹنم کے موقع پر سیکوریٹی وجوہات کے نام پر یاترا میں رکاوٹ پیدا کرنا زیادتی ہے۔ آج اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے رگھوویرا ریڈی نے یہ بات کہی اور دریافت کیا کہ آیا مودی کا جلسہ منعقد ہوا تو کیا کانگریس کو اپنا پروگرام جاری نہیں رکھنا چاہئے۔ انہوں نے مرکزی بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وشاکھاپٹنم ریلوے زون قائم کرنے کا اعلان کرکے ریاست کے عوام کا مذاق اڑایا گیا اور بتایا کہ اس علاقہ میں واقع والٹیر ڈیویژن (جس سے ریلوے کو سب سے زیادہ آمدنی حاصل ہوتی ہے) کے چند مقامات کو رکھ کر دیگر تمام مقامات کو اڑیسہ میں ملادیا گیا۔ رگھوویرا ریڈی نے وزیراعظم کے دورہ وشاکھاپٹنم کے موقع پر احتجاج کرنے والے عوام و مختلف پارٹیوں کے قائدین و کارکنوں سے اظہارتشکر کیا اور مرکزی بی جے پی حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی فوجیوں کی قربانیوں سے بھی سیاست کی جارہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو جھوٹے وعدے کرنے اور اعلانات کرنے والی پارٹی سے تعبیر کیا اور کہاکہ آندھراپردیش کی تقسیم کے موقع پر دیئے گئے تیقنات کو پورا کرنے میں مرکزی بی جے پی حکومت بالکلیہ طور پر ناکام رہی۔ مجوزہ عام انتخابات کے پیش نظر وزیراعظم کے عین دورہ سے قبل وشاکھاپٹنم ریلوے زون قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ریاست کے عوام کو صرف خوش کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ اس اعلان کے ذریعہ انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے جبکہ ریاست آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف فراہم کرنے کا خصوصی طور پر تقسیم آندھراپردیش کے موقع پر واضح تیقن دیا گیا تھا لیکن اس وعدے سے بی جے پی حکومت نے انحراف کیا۔