مطالعہ کے شوقین افراد عظیم شخصیت کے حامل تھے، کریم نگر فنکاروں کا گہوارہ، بک فیئر کا افتتاح، ریاستی وزیر گنگولا کملاکر کا خطاب
کریم نگر۔علم کی حصول یابی میں کتابیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ عظیم شخصیت کے حامل اشخاص میں کتابوں کے مطالعہ کا ذوق دیکھا گیا۔ ریاستی وزیر برائے بہبود پسماندہ طبقات و سیول سپلائی گنگولاکملاکر نے یہ بات بتائی۔ عالمی یوم خواتین کے مدنظر حیدرآباد بک فئیر ، تلنگانہ بک ٹرسٹ کے اشتراک سے مقامی جیوتی راؤ پھولے پارک میں منعقدہ بک فئیر کا بروز چہارشنبہ وزیر گنگولاکملاکر کے ہاتھوں افتتاح انجام دیا گیا۔ قبل از وزیر موصوف نے شمع جلاکر پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کریم نگر فنکاروں و شاعروں کا گہوارہ ہے۔ کتابیں بہترین معاشرہ کی تشکیل کرتے ہیں۔ ریاستی وزیر اعلی کے سی آر مطالعہ کا شوق رکھتے ہیں انہوں نے کئی ہزار کتابوں کے مطالعہ کیا اور تلنگانہ ریاست کی تشکیل نو کے لئے کامیاب رہنمائی انجام دی۔ ضلع کریم نگر سے وابستہ سابقہ وزیر اعظم پی۔ وی نرسمہاراؤ نے کتابوں کے مطالعہ کے علاوہ کئی کتب تحریر کئے اور عالمی سطح پر اپنے طرز فکر و ماہر اقتصادیت کی حیثیت سے کافی مقبولیت حاصل کی۔ ڈاکٹر سی۔ نارائنا ریڈی نے بحیثیت شاعر شہرت حاصل کی۔ وجیا سارادھی جنہیں پدمابھوشن سے نوازا گیا سنسکرت پنڈت کہلائے گئے اور نلیما بھاسکر جنہیں ماہر لسانیات کہا جاتا ہے سبھی عظیم شخصیت کے حامل افراد تھے مطالعہ کے شوقین تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین بچوں کو کتابوں کے مطالعہ کی ترغیب دیں۔ ضلع کے تمام سرکاری مدارس و رہائشی تعلیمی اداروں میں سبق آموز کتب کی تقسیم عمل میں لائی جائیگی۔ بک فئیر میں 20 ہزار کتب کے 50 اسٹالس قائم کئے گئے ہیں۔ سکریٹری برائے محکمہ پسماندہ طبقات بی۔ وینکٹیشم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھروں میں کتابوں کی موجودگی طلبا کی زندگی کو روشن کریگی۔انہوں نے بچوں میں کتابوں کے مطالعہ کے شوق کو پروان چڑھانے کے لئے والدین سے بچوں کو کتب کی دستیابی کی خواہش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لڑکیوں کو اعلی تعلیم کی فراہمی سے باشعور معاشرہ کا تصور ممکن ہوگا۔ تلنگانہ ساہتیہ اکیڈمی چئیرمین گاؤری شنکر نے عالمی یوم خواتین کے مدنظر ضلع کریم نگر میں بک فئیر (کتاب میلے) کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹر آر وی کرنن مطالعہ سے کافی دلچسپی رکھتے ہیں اور انہی کے حوصلہ افزائی کے نتیجہ اس کتاب میلے کا انعقاد کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی سے اعلی مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔ مطالعہ سے علم حاصل ہوتا ہے اور ثقافت پروان چڑھتی ہے۔ جاریہ ماہ کی 4 تاریخ کو ساہتیہ اکیڈمی کی جانب سے ہمارا گاؤں۔ ہمارے درخت کے عنوان پر مضمون نویسی مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ ضلع کلکٹر کریم نگر آر وی کرنن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم خواتین کے مدنظر کتاب میلہ کے علاوہ خواتین کے لئے متعدد پروگرام کا انعقاد کیا جائیگا۔ ان پروگراموں کا صبح 11 بجے سے انعقاد کیا جائیگا اور شام میں کلچر پروگرامس منعقد کئے جائینگے۔ بک فئیر کے افتتاح کے موقع پر طلبا کی جانب سے استقبالیہ رقص پیش کیاگیا۔ ایل ایم ڈی کالونی ، ایم جی پی مدرسہ کے طلبا نے گیت پیش کئے گئے۔ اس موقع پر ایم ایل اے روی شنکر ، مئیر سنیل راؤ ، سوڈا چئیرمین راماکرشنا راؤ ، ڈپٹی مئیر سواروپا رانی ، لائبریری چئیرمین رویندر ، ایڈیشنل کلکٹر مجالس مقامی گریما اگروال ، ایڈیشنل کلکٹر شیام پرساد لال ، اسسٹنٹ کلکٹر میانک میتھل ، عہدیدار برائے صحت و طبابت ڈاکٹر جویریا ، ضلع مہتمم تعلیمات جناردھن ریڈی ، کارپوریٹروں ، شاعروں ، خواتین ،طلبا و دیگر نے شرکت کی۔