کتے سے کھیلتے ہوئے جو بائیڈن کے پیر میں فریکچر

,

   

واشنگٹن: امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن کے پیر میں فریکچر ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں آئندہ کئی ہفتوں تک مخصوص جوتا پہننے کی ہدایت کی ہے۔نومنتخب صدر کے ذاتی معالج ڈاکٹر کیون اوکونر نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر جو بائیڈن کے دائیں پیر کی دو ہڈیوں میں معمولی فریکچر کی نشان دہی ہوئی ہے جس کی وجہ سے انہیں اپنے دائیں پیر میں خصوصی جوتا پہننا ہو گا تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکیں۔ڈاکٹر کے بقول بائیڈن کے دائیں پیر کی دو ہڈیوں میں معمولی فریکچر ہفتہ کو اس وقت ہوا جب وہ اپنے ایک پالتو کتے سے کھیل میں مصروف تھے۔بائیڈن کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کو نو منتخب صدر ڈیلاویئر میں ہڈیوں کے ڈاکٹر کے پاس پیر کا معائنہ کرانے گئے۔جو بائیڈن کے معالج کیون اوکونر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ابتدائی ایکسرے میں تو کوئی فریکچر واضح نہیں ہوا تھا لیکن سی ٹی اسکین میں دائیں پیر کے درمیان کی دو چھوٹی ہڈیوں میں معمولی فریکچرز نظر آئے۔جو بائیڈن کے پیر میں فریکچر اپنے دو سالہ جرمن شیفرڈ کتے ‘میجر’ سے کھیلتے ہوئے آئے ہیں۔