کجریوال کودہلی ہائیکورٹ سے کوئی راحت نہیں ملی

,

   

ای ڈی کی جانب سے گرفتاری کے خلاف درخواست پر 3 اپریل کو سماعت

نئی دہلی: دہلی شراب پالیسی اسکام میں وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کو دہلی ہائی کورٹ سے فوری راحت نہیں مل پائی ہے۔ عدالت نے کجریوال کی گرفتاری کے خلاف ای ڈی کو جواب داخل کرنے کیلئے 2 اپریل تک کا وقت دے دیا ہے اور اس معاملے آئندہ سماعت کیلئے 3 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔ آج صبح دہلی ہائی کورٹ میں کجریوال کی گرفتاری کے خلاف داخل عرضی پر سماعت ہوئی اور فریقین کے وکلاء نے اپنی اپنی طرف سے دلیلیں پیش کیں۔ آج کی سماعت ختم ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا اور کچھ گھنٹے بعد فیصلہ سنانے کی خبریں سامنے آئیں۔ اب عدالت نے جو حکم جاری کیا ہے اس کے مطابق ای ڈی کو 2 اپریل تک اس معاملے میں اپنا جواب داخل کرنا ہے اور پھر 3 اپریل کو اس معاملے میں آگے کی سماعت ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کجریوال کو ای ڈی نے تقریباً دو گھنٹے کی پوچھ تاچھ کے بعد 21 مارچ کی شب ان کی سرکاری رہائش سے گرفتار کیا تھا۔ مبینہ آبکاری گھوٹالہ میں انھیں راؤز ایونیو کورٹ نے 28 مارچ تک ای ڈی حراست میں بھیج دیا تھا۔ اس کے خلاف عآپ کے سبھی لیڈران و کارکنان سڑکوں پر نظر آ رہے ہیں۔ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈران نے بھی کجریوال کی گرفتاری کے خلاف مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔بہرحال، ای ڈی کی طرف سے گرفتاری اور حراست کو چیلنج دینے والی کیجریوال کی عرضی پر جسٹس سورن کانتا شرما کی عدالت میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے ای ڈی کو جواب داخل کرنے کے لیے 2 اپریل تک کا وقت دے دیا ہے اور اس سے پہلے یعنی 28 مارچ کو ہی ای ڈی کی حراست ختم ہو رہی ہے۔ ای ڈی کی حراست میں مزید توسیع ہوگی یا نہیں اس سلسلے میں کل سب کچھ صاف ہو جائے گا۔

کجریوال کی طبیعت بگڑی
شوگر کی سطح میں گراوٹ
نئی دہلی: ای ڈی کی حراست میں کجریوال کی طبیعت خراب ہوگئی ہے۔ کجریوال کا شوگر لیول لگاتار اوپر اور نیچے جارہا ہے اور 46 تک گر گیا ہے۔ ساتھ ہی ڈاکٹروں کا کہنا ہیکہ شوگر لیول کا اتنا نیچے جانا بہت خطرناک ہو سکتا ہے۔اس سے قبل چہارشنبہ کو کجریوال کی اہلیہ سنیتا کجریوال نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ منگل کی شام جیل میں اپنے شوہر سے ملنے گئی تھیں۔ ان کا شوگر لیول ٹھیک نہیں لیکن ان کا عزم مضبوط ہے۔ وہ ایک سچے محب وطن، نڈر اور دلیر انسان ہیں۔ ان کی لمبی عمر، صحت اور کامیابی کی خواہش کرتے ہیں۔اس کے علاوہ سنیتا کجریوال نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مختلف چھاپوں میں ایک پیسہ بھی نہیں ملا۔
اور ان کے شوہر 28 مارچ کو عدالت میں مبینہ ایکسائز پالیسی گھوٹالے میں بڑا انکشاف کریں گے۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) ے قومی کنوینر کجریوال کو ای ڈی نے ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا اور ایک عدالت نے انہیں 28 مارچ تک ایجنسی کی تحویل میں بھیج دیا تھا۔سنیتا کیجریوال نے کہا کہ ان کے شوہر 28 مارچ کو سچ بتائیں گے اور ثبوت بھی پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو سال کی تحقیقات کے باوجود، ای ڈی کو ایک پیسہ بھی ثبوت نہیں مل سکا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا لیکن صرف 73 ہزار روپے ملے۔ سنیتا کیجریوال نے کہا کہ میرے شوہر نے حراست میں رہتے ہوئے وزیر آتشی کو ہدایات جاری کیں۔ مرکز کو اس سے مسئلہ تھا۔ کیا وہ دہلی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر اس معاملے سے بہت دکھی ہیں۔