کجریوال کی گرفتاری پر تبصرہ ، امریکی سفارتکار کی طلبی

   

دوسروں کی خودمختاری کا احترام کریں،ہندوستان کا امریکہ کو پیام
نئی دہلی : ہندوستان نے چہارشنبہ کو قائم مقام امریکی نائب سفیر گلوریا بربینا کو طلب کیا تاکہ چیف منسٹردہلی اروند کجریوال کی حالیہ گرفتاری پر اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے کیے گئے تبصروں سے متعلق خدشات کو دور کیا جا سکے۔ ہندوستان نے کجریوال سے متعلق ریمارکس پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ممالک سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ دوسروں کی خودمختاری کا احترام کریں اور کسی ملک کے قانونی عمل پر الزامات لگانا غیر ضروری ہے۔ ہندوستان نے کچھ قانونی کارروائیوں کے بارے میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے ریمارکس پر سخت اعتراض کیا ہے۔ سفارت کاری میں ریاستوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ دوسروں کی خود مختاری اور اندرونی معاملات کا احترام کریں۔ یہ ذمہ داری ساتھی جمہوریتوں کے معاملے میں اور بھی زیادہ ہے۔ یہ دوسری صورت میں غیر صحت بخش مثالیں قائم کر سکتا ہے۔ ہندوستان کا قانونی عمل ایک آزاد عدلیہ پر مبنی ہیں جو معروضی اور بروقت نتائج کے لیے پرعزم ہے۔ اس پر الزامات لگانا غیر ضروری ہے۔ کجریوال کی گرفتاری پر اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ان کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے سے متعلق تبصرہ کیا گیا تھا۔قبل ازیں چیف منسٹر دہلی کجریوال کی گرفتاری پر جرمنی نے بھی اسی طرح کے ریمارکس کئے تھے جس پر حکومت نے جرمنی کے سفارت کار کو طلب کرکے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تھا ۔