کرناٹک کی یدی یورپا حکومت اپنی غلطیوں سے گر جائے گی : موئیلی

   

بنگلور ۔ 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر ویرپا موئیلی نے آج کہا کہ کرناٹک میں 5 ڈسمبر کو 15 اسمبلی حلقوں پر ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔ ان انتخابات کے بعد بی جے پی کی یدی یورپا حکومت اقلیت میں آجائے گی۔ یدی یورپا اپنی غلطیوں کی وجہ سے اقتدار سے محروم ہوں گے۔ ویرپا موئیلی نے کہا کہ کرناٹک کے عوام اب یدی یورپا کی غلط حکمرانی خراب نظم و نسق اور چیف منسٹر کی نااہلیت سے بیزار آچکے ہیں۔ اب وہ 5 ڈسمبر کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کو اپنا ووٹ دیکر حکومت کے خلاف برہمی ظاہر کریں گے۔ 224 رکن اسمبلی میں حکمراں بی جے پی کے پاس 105 ارکان اسمبلی ہیں اور اسے ایک آزاد امیدوار کی تائید حاصل ہے۔ اپوزیشن کے پاس 101 ارکان ہیں۔ ان میں کانگریس 66، جنتادل سیکولر 35 اور بہوجن سماج پارٹی ایک رکن ہے۔ ایوان میں 17 ارکان کی نشست خالی ہے جن میں سے 15 حلقوں کیلئے انتخابات ہورہے ہیں۔