کرونا وائرس : سعودی عرب میں 50 سے زیادہ افراد کے اجتماعات پربھاری جرمانے

   

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ کسی محدود جگہ یا مکان میں غیرخاندان کے پچاس سے زیادہ افراد کے اجتماعات کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندی کی خلاف ورزی متصور ہوں گے اور ایسے اجتماعات کے منتظمین اور شرکاء کو بھاری جرمانے عاید کیے جائیں گے۔وزارت داخلہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ کسی مکان ، ریسٹ ہاؤس ، فارم یا کسی کھلی جگہ پر پچاس سے زیادہ افراد کے اجتماعات یا اکٹھ منعقد کرنے پر جرمانہ عاید کیا جائے گا۔اس نے کہا ہے کہ جس جگہ اجتماعات کے ضابطے کی خلاف ورزی ہوگی،اس کے مالکان اور ذمے داروں پر 15 ہزار ریال جرمانہ عاید کیا جائے گا جبکہ اجتماع میں شریک ہر فرد پر پانچ ہزار ریال ( فی کس) جرمانہ ہوگا۔اگراسی جگہ یا مکان یا فارم پر اس ضابطے کی دوبارہ خلاف ورزی کی جاتی ہے تو مالکان اور ذمے داروں کو 30 ہزار ریال جرمانہ ہوگا اور اکٹھ کے ہر شریک پر 10 ہزار ریال جرمانہ عاید کیا جائے گا۔
وزارتِ داخلہ نے مزید کہا ہے کہ اگران جرمانوں کے باوجود اس جگہ پر تیسری مرتبہ بھی اجتماع منعقد کرنے کی خلاف ورزی کی جاتی ہے تو اس جگہ اور اس کے ذمے داروں پر دْگنا جرمانہ ہوگا اور ان کا معاملہ مقدمہ چلانے کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے پاس بھیج دیا جائے گا۔اسی طرح اکٹھ کے شرکاء اور مدعوئیں کو بھی دْگنا جرمانہ ہوگا اور ان کے خلاف بھی کرونا وائرس کے ضوابط کی خلاف ورزی پر مقدمہ چلایا جائے گا۔