کرکٹ میچس پر سٹہ بازی کا بڑا ریاکٹ بے نقاب

   

7 افراد گرفتار ، 22 لاکھ 89 ہزار روپئے ضبط ، اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی

حیدرآباد: اسپیشل آپریشن ٹیم بالا نگر زون نے پیٹ بشیرآباد پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں کرکٹ سٹہ بازوں کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کیا۔ پولیس نے اپنی کارروائی میں اصل سرغنہ بشمول دیگر 7 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 22 لاکھ 89 ہزار 400 روپئے نقد رقم کے علاوہ بینک کھاتے میں موجودہ 13 لاکھ روپئے ضبط کرلئے۔ کمشنر پولیس سائبرآباد سجنار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اصل سرغنہ 34 سالہ چنڈور ششانک ساکن کومپلی کے علاوہ 30 سالہ پرساد ریڈی ساکن بوئن پلی، 32 سالہ پروین یادو ساکن بوئن پلی، 35 سالہ شام راؤ ساکن خانہ بی گوڑہ، 33 سالہ پردیپ کمار ساکن چنتل، 33 سالہ پی پون کمار ساکن جیڈی میٹلہ 26 سالہ ترون ریڈی ساکن کومپلی اور 33 سالہ دیپک سنگھ ساکن بیگم پیٹ کو گرفتار کرلیا۔ خفیہ اطلاع پر ایس او ٹی بالا نگر زون نے پیٹ بشیرآباد پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں سوچترا علاقہ میں دھاوا کیا اور اس ٹولی کو گرفتار کرلیا جبکہ اس ٹولی کے دیگر افراد برکت اور ساحل جو اصل بکیز بتائے گئے مفرور ہیں۔ ان کے علاوہ کے وی آر ومشی ساکن میاں پور، سراج ،جوشی، نکھل، اشون، سرینواس ریڈی اور یادگری مفرور بتائے گئے ہیں۔ یہ لوگ کرکٹ پر سٹہ بازی کیلئے موبائیل اپلیکیشن کا استعمال کرتے ہوئے کرکٹ لائن اور کرکٹ ایکسچینج موبائل ایپس کے ذریعہ رابطہ قائم کرنے کے بعد سٹہ کیلئے تیار ہے۔ ششانک مقامی افراد سے رقم حاصل کرنے کے بعد اصل بکی جو گوا میں رہتا ہے، اس کو رقم بذریعہ آن لائن ٹرانسفر کردیا کرتا تھا جو بھی کرکٹ پر سٹہ لگانے کیلئے راضی ہوتا ہے تو پہلے اس شخص سے یہ لوگ 50 ہزار روپئے ڈپازٹ کروایا کرتے تھے۔ کمشنر پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ آسان انداز میں پیسے کمانے کے لالچ میں نہ آئیں۔ سٹہ بازوں کا اہم ہتھیار لالچ اور پھر دھوکہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں سائبرآباد پولیس نے آئی پی ایل کے آغاز سے ابھی تک 7 مقدمات میں 30 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 40 لاکھ روپئے ضبط کئے ہیں۔ کمشنر پولیس نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کے فونس کی جانچ کریں اور ان پر نظر رکھیں۔ اکثر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ نوجوان نسل آسان انداز میں گھر بیٹھے پیسے کمانے کی خاطر سٹہ بازی میں ملوث ہورہی ہے اور قرض کرتے ہوئے رقم کو تباہ و برباد کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دوران آئی پی ایل سائبرآباد نے سخت چوکسی اختیار کرتے ہوئے ایسے واقعات کے تدارک کے اقدامات کو انجام دے رہی ہے۔