کریم نگر سے ونود کمار اور پداپلی سے کے ایشور بی آر ایس کے لوک سبھا امیدوار

   

کے سی آر تلنگانہ بھون پہنچے، قائدین سے مشاورت، الیکشن میںبی جے پی سے راست مقابلہ
حیدرآباد۔/3 مارچ، ( سیاست نیوز) لوک سبھا چناؤ سے قبل 2 ارکان پارلیمنٹ کی بی جے پی میں شمولیت کے بعد بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ پارٹی کو بچانے اور قائدین کے انحراف کو روکنے کیلئے میدان میں آچکے ہیں۔ ناگرکرنول اور ظہیرآباد کے ارکان پارلیمنٹ کی بی جے پی میں شمولیت کے بعد مختلف اضلاع میں پارٹی کیڈر میں بے چینی دیکھی جارہی تھی۔ کے سی آر نے آج کریم نگر اور پداپلی لوک سبھا حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے قائدین کے ساتھ تلنگانہ بھون میں اجلاس منعقد کیا۔ کئی دنوں کے وقفہ کے بعد کے سی آر آج تلنگانہ بھون پہنچے جہاں کارکنوں نے گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیا۔ انہوں نے پہلے کریم نگر اور پھر پدا پلی لوک سبھا حلقوں کے قائدین کے ساتھ الیکشن کی تیاریوں اور مہم کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ، سابق وزیر فینانس ہریش راؤ کے علاوہ دونوں حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے سابق وزراء اور عوامی نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ کے سی آر نے واضح کردیا کہ لوک سبھا چناؤ میں بی جے پی کے ساتھ کوئی مفاہمت نہیں ہوگی اور الیکشن میں اصل مقابلہ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے 100 دن میں ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ وعدہ کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے لہذا عوام کانگریس حکومت سے ناراض ہیں۔ اجلاس میں 12 مارچ سے انتخابی مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا اور کے سی آر کریم نگر میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ پارٹی کے سینئر قائدین جی ونود کمار، جی کملاکر، سنتوش کمار، کے ایشور اور تمام اسمبلی حلقہ جات انچارجس نے شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس میں کریم نگر اور پداپلی لوک سبھا حلقوں کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا۔ کریم نگر لوک سبھا حلقہ سے سابق رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار کے نام کو تقریباً قطعیت دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پدا پلی لوک سبھا حلقہ سے سابق وزیر کے ایشور پارٹی امیدوار ہوسکتے ہیں۔ دونوں امیدواروں کے بارے میں رسمی طور پر عنقریب اعلان کیا جائے گا۔ دیگر حلقہ جات کے سلسلہ میں امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سکندرآباد لوک سبھا حلقہ سے سابق وزیر ٹی سرینواس یادو کے فرزند ٹی سائی کرن یادو، ورنگل سے کڈیم سری ہری کی دختر کڈیم کاویا، نلگنڈہ سے جی سکھیندر ریڈی کے فرزند جی امیت کمار اور ظہیرآباد سے پوچارم سرینواس ریڈی کے فرزند پوچارم بھاسکر ریڈی کے ناموں کو تقریباً قطعیت دی جاچکی ہے۔ ملکاجگیری اور چیوڑلہ لوک سبھا حلقوں کے امیدواروں کے بارے میں عنقریب فیصلہ کیا جائے گا۔ ملکاجگیری سے پارٹی کسی مضبوط امیدوار کی تلاش میں ہے جبکہ چیوڑلہ سے موجودہ رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی کے بجائے کسی اور امیدوار کو ٹکٹ دیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے موجودہ ارکان پارلیمنٹ کی تبدیلی کا من بنالیا ہے۔ تمام 17 لوک سبھا حلقوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کا آئندہ ہفتہ اعلان کردیا جائے گا۔1