کریم نگر کی حاملہ خاتون سوائن فلو سے متاثر

   

حیدرآباد3مارچ (سیاست نیوز)شہر حیدرآباد کے گاندھی اسپتال میں سوائن فلو کے مشتبہ مریضوں پر نظر رکھی جارہی ہے ۔محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ حاملہ خاتون جس کا تعلق ضلع کریم نگر سے ہے ،سوائن فلو سے مثبت پائی گئی۔اس خاتون کوعلاج کے لئے اسپتال میں داخل کردیاگیا۔گاندھی اسپتال میں موجودہ طورپر ایچ ون این وی اور کووڈ 19کی مثبت علامات والی مریض زیرعلاج ہیں جس کے نتیجہ میں اسپتال کے نگہداشت صحت کے ورکرس کے لئے یہ چیلنج بن گیا ہے ۔اسی دوران نیشنل سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول اور انٹی گریٹیڈ ڈیزیزسروے لینس پروگرام کے مطابق سوائن فلو سے متاثر ہونے کا زیادہ خطرہ بچوں، ضعیف افراد،حاملہ خواتین اور ہیلت ورکرس میں ہوتا ہے ۔شہرحیدرآباد کے فیور اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ نے کہاکہ عوام کو چاہئے کہ وہ بہر صورت احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ وہ شدید بخار’ چھینک’کھانسی اور بدن درد جیسی سوائن فلو کی علامات پر اسپتال سے رجوع ہوں۔ شہری’ پرہجوم مقامات میں جانے سے گریز کریں’ وقفہ وقفہ سے اپنے ہاتھ دھوتے رہیں’ہاتھ ملانے سے گریز کریں’ چھینک یا کھانسی آنے پر اپنے منہ پر ہاتھ رکھیں۔