کسانوں کاجنتر منتر پر آج احتجاج، راکیش ٹکیت پولیس حراست میں

   

نئی دہلی : جنتر منتر پر کل ہونے والے کسان تنظیموں کے احتجاج سے پہلے بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت کو پولیس کی جانب سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ وہ دہلی کے جنتر منتر پر کل ہونے والے کسان تنظیموں کے احتجاج میں شامل ہونے کیلئے آرہے تھے۔ وہیں اس مظاہرہ سے پہلے دہلی پولیس نے سیکورٹی بندوبست کو سخت کردیا ہے۔ دہلی۔ ہریانہ ٹکری بارڈر پر پولیس نے بیریکیڈس لگا دئے ہیں۔ دراصل پیر کو کسانوں نے یہاں مظاہرہ کا اعلان کیا ہے، جس کیلئے وہ کل قومی دارالحکومت دہلی پہنچنا شروع کردیں گے۔راکیش ٹکیت کو دہلی پولیس نے مدھو وہار تھانہ میں رکھا ہے۔ راکیش ٹکیت نے ٹویٹ کرکے کہا کہ سرکار کے اشارے پر کام کررہی دہلی پولیس کسانوں کی آواز کو نہیں دبا سکتی ہے۔ یہ گرفتاری ایک نیا انقلاب لے کر آئے گی۔ یہ جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی۔ نہ رکیں گے ، نہ تھکیں گے ، نہ جھکیں گے۔اس سے پہلے سنیکت کسان مورچہ نے 18 اگست سے یوپی کے لکھیم پور کھیری معاملہ کو لے کر 75 گھنٹے کا دھرنا شروع کیا ہے ، جس میں انہوں نے اپنے زیر التوا مطالبات کو پورا کرنے کی مانگ کی ہے۔
بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت اس مظاہرہ میں بھی شامل ہوئے۔لکھیم پوری کھیری کے راجا پور کرشی منڈی میں بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت اس مظاہرہ میں شامل ہوئے۔ دراصل مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کی برخاستگی اور تکنیا تشدد واقعہ میں جیل میں بند کسانوں کی رہائی کے مطالبہ کو لے کر یہ احتجاج کیا جارہا ہے۔