کسانوں کے دھان کی فوری منتقلی کی جائے : کلکٹر کاماریڈی

   

کاماریڈی۔ 27 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر آشیش سانگوان نے بے موسم بارشوں کے پیش نظر کسانوں کو نقصان سے محفوظ رکھنے کیلئے دھان کی فوری منتقلی پر زور دیتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو خریدی کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر ضلع میں جاری دھان خریدی مراکز اور رائس ملوں کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران کاماریڈی منڈل کے اُگروائی گاؤں میں واقع گرو راگھویندر رائس مل کا دورہ کرتے ہوئے دھان کے ذخائر، نقل و حمل اور ملنگ کے عمل کا جائزہ لیا اور ملرس کو روزانہ کم از کم 15 لاری دھان وصول کرنے کی ہدایت دی۔بعد ازاں ضلع کلکٹر آشیش سنگوان نے شابدپور دھان خریدی مرکز کا معائنہ کرتے ہوئے کسانوں سے راست بات چیت کی۔ اسی طرح سداشیو نگر منڈل کے اڈلوری ایلار یڈی دھان خریدی مرکز اور شری من نارائنا رائس مل کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر عہدیداروں نے کلکٹر کو بتایا کہ بے موسم بارشوں کے سبب ضلع میں تقریباً 1100 میٹرک ٹن دھان کی فصل متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ضلع میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 78 ہزار میٹرک ٹن دھان کی خریدی مکمل کی جاچکی ہے، جبکہ اس وقت 1064 میٹرک ٹن دھان ذخیرہ میں موجود ہے۔آشیش سانگوان نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بارش کے باعث دھان بھیگنے سے پہلے فوری طور پر رائس ملوں کو منتقل کیا جائے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر وکٹر، سیول سپلائیز آفیسر وینکٹیشورلو، ڈی ایم سریناتھ، تحصیلدارس اور دیگر متعلقہ عملہ بھی موجود تھے۔