’’کسان ہمارے لئے اَن داتا اور کانگریس کیلئے ووٹ بینک‘‘

,

   

جھارکھنڈ میں متعدد آبپاشی پراجیکٹس کے افتتاح پر وزیراعظم نریندر مودی کا خطاب

ڈالٹن گنج (جھارکھنڈ)۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے جھارکھنڈ میں متعدد آبپاشی پراجیکٹس کا افتتاح انجام دیا جن میں 2,391.36 کروڑ روپئے کی لاگت والا منڈل ڈیم بھی شامل ہے جس کے بعد 19,064 ہیکٹر پر محیط علاقہ جو نہ صرف ریاست جھارکھنڈ بلکہ پڑوسی ریاست بہار میں موجود ہے، آبپاشی سے مستفید ہوسکے گا۔ نریندر مودی نے اس موقع پر اپنے خطاب سے قبل پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت پانچ استفادہ کنندگان کو مکانات کی کنجیاں بھی حوالے کیں۔ انہوں نے سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومتیں جھارکھنڈ کے کسانوںکے بارے میں بالکل لاپرواہ تھیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ منڈل ڈیم پراجیکٹ تاخیر کا شکار ہوا۔ نریندر مودی نے کہا کہ منڈل ڈیم پراجیکٹ پر کام کا آغاز 1972ء میں ہوا تھا تاہم 1993ء سے وہاں کام بالکل رکا ہوا ہے اور اب لایتہار ڈسٹرکٹ کے بروادیہ بلاک میں واقع دریائے نارتھ کوئل پر تعمیر کیا جائے گا۔ پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد لایتہار پلامور اور گڑھوا ڈسٹرکٹس میں آبپاشی کی سہولت میں اضافہ ہوجائے گا جبکہ اورنگ آباد اور گیا میں بھی آبپاشی سہولتیں کسانوں کیلئے اطمینان کا باعث ہوں گی۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہم کسانوں کو اپنا ان دانا تصور کرتے ہیں جبکہ سابق حکومتیں کسانوں کو صرف ووٹ بینکس سمجھتی تھیں۔ قبل ازیں کانگریس حکومت نے کسانوں کو قرضے لینے پر مجبور کیا اور اب کسانوں سے یہ جھوٹے وعدے کئے جارہے ہیں کہ ان کے (کسانوں) قرضوں کو معاف کردیا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر بہار اور جھارکھنڈ حکومتوں سے کسانوں کے مفاد میں کام کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ آج میں نے 3,500 کروڑ روپئے کی لاگت والے متعدد ترقیاتی پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا اور ہمیں توقع ہے کہ ان پراجیکٹس کے ذریعہ کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لئے ہم نے جو خواب دیکھا ہے، وہ شرمندۂ تعبیر ہوگا۔
PMAY اسکیم سے متعلق بات کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ابتداء میں اس اسکیم کے لئے یعنی ’’ہاؤسنگ اسکیم‘‘ کیلئے انہیں یہ کہہ کر ہدف تنقید بنایا گیا تھا کہ ہم نے کوئی نئی پیشکش نہیں کی ہے جبکہ ہمارا مقصد سب کے لئے مکان فراہم کرنا ہے، چاہے وہ دیہی علاقہ ہو یا شہری۔ ہم اپنی اسکیمات کو سیاست دانوں سے موسوم کرنے پر ایقان نہیں رکھتے بلکہ اس بات پر ایقان رکھتے ہیں کہ اس کا فائدہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پہونچے۔ اس اسکیم کے تحت جو مکانات فراہم کئے جارہے ہیں، ان میں گیاس کنکشن، برقی اور بیت الخلاء سمیت تمام بنیادی سہولتیں موجود ہیں۔