کشائی گوڑہ میں گانجہ کا ریاکٹ بے نقاب ، چار افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔8۔ ستمبر (سیاست نیوز)کشائی گوڑہ پولیس نے گانجہ منتقلی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا جو ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد گانجہ منتقل کر رہے تھے ۔ سب انسپکٹر شیخ شفیع اور ان کی ٹیم نے چکری پورم علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے 26 سالہ یشونت گوڑ عرف بنٹی ساکن باچو پلی 22 سالہ بی سریش ساکن کوکٹ پلی 22 سالہ دھنونجیا ساکن موسیٰ پیٹ اور 21 سالہ کے یوراج ساکن موسی پیٹ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 2.5 کیلو گانجہ ، تین موبائیل فون کو ضبط کرلیا ۔ یشونت گوڑ عرف بنٹی جو عادی مجرم ہے ۔ 17 سال کی عمر سے وارداتیں انجام دے رہا ہے اور کئی وارداتوں میں ملوث تھا ۔ امین پور ، سنگا ریڈی اور ڈنڈیگل پولیس حدود میں اس نے وارداتیں انجام دی ۔ جیل سے رہائی کے بعد اس کی ملاقات ومشی سے ہوئی جو موسی پیٹ کا ساکن اور اڈیشہ کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ ومشی اپنے آبائی مقام سے گانجہ منتقل کرتا تھا جو گانجہ یشونت کے ساتھ استعمال کرتا تھا اور اس کے علاوہ گانجہ کو فروخت بھی کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار مزید تین افراد بھی ومشی کے ساتھ تھے ۔ انہوں نے منصوبہ بند طریقہ سے گانجہ منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے رچا پورم آندھراپردیش گئے ۔ تقریب میں شرکت کے بعد انہوں نے گانجہ تین ہزار روپئے فی کیلو کے حساب سے خریداری کی اور منتقل کر رہے تھے ۔ چیرلہ پلی میں ٹرین سے اترنے کے بعد برائے ای سی آئی ایل موسیٰ پیٹ روانہ ہورہے تھے کہ پولیس نے جکری پورم چوراہے پر انہیں گرفتار کرلیا۔ ع